جمعرات، 2-جولائی،2026
جمعرات 1448/01/17هـ (02-07-2026م)

لاہور: سانحہ کاہنہ کے بعد ایک اور حادثہ، اسکول کی چھت گرنے سے 10 سالہ بچہ جاں بحق

02 جولائی, 2026 15:17

لاہور: سانحۂ کاہنہ کے بعد لاہور میں ایک اور افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں باغبانپورہ کے ایک نجی اسکول میں تعمیراتی کام کے دوران چھت گرنے سے 10 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ 4 مزدور زخمی ہوگئے۔ حادثے کے وقت اسکول میں جاری سمر کیمپ کے باعث بڑی تعداد میں بچے موجود تھے، تاہم دیگر تمام بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹرز نے 10 سالہ ابوبکر کی موت کی تصدیق کر دی، جبکہ زخمی مزدوروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق اسکول میں سمر کیمپ جاری تھا اور بڑی تعداد میں بچے تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 59 بچوں کو بحفاظت باہر نکال لیا، جبکہ تمام دیگر طلبہ بھی محفوظ رہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب اسکول کی توسیع کے لیے تعمیراتی کام جاری تھا اور اچانک زیر تعمیر چھت کا ایک حصہ گر گیا، جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک سانحہ رونما ہوا۔

حادثے کے بعد اسکول کے باہر اپنے بچوں کی خیریت جاننے کے لیے والدین کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، جہاں شدید بے چینی اور اضطراب کی کیفیت دیکھنے میں آئی۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نجی اسکول کی مالکن نازیہ رضوان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔