ڈومیسٹک روٹس پر فضائی کرایوں میں کمی

Great news for air travelers
جیٹ فیول کی قیمتوں میں کمی کے بعد مختلف ڈومیسٹک روٹس پر فضائی کرایوں میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے سے اندرونِ ملک سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو مالی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والے مسافروں کے لیے یک طرفہ ٹکٹ کی کم از کم قیمت 16 ہزار 770 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ کرایہ 48 ہزار 890 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح لاہور سے کوئٹہ جانے والے مسافروں کے لیے کم از کم کرایہ 12 ہزار 20 روپے اور زیادہ سے زیادہ 44 ہزار 140 روپے رکھا گیا ہے۔
کراچی سے کوئٹہ کے فضائی روٹ پر بھی کرایوں میں کمی کی گئی ہے۔ اس روٹ پر کم از کم یک طرفہ کرایہ 13 ہزار 603 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ کرایہ تقریباً 44 ہزار روپے تک مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم یہ بنیادی کرائے ہیں اور ان میں دیگر اضافی اخراجات شامل نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق تمام فضائی ٹکٹوں پر فیول سرچارج بھی وصول کیا جائے گا، جس کی اوسط رقم تقریباً 7 ہزار 840 روپے بنتی ہے۔ اس کے علاوہ حکومتی ٹیکسز، لیویز اور دیگر لازمی چارجز بھی ٹکٹ کی مجموعی قیمت میں شامل کیے جائیں گے۔ ان اضافی اخراجات کے بعد عام دنوں میں اندرونِ ملک بیشتر روٹس پر یک طرفہ ٹکٹ کی قیمت تقریباً 26 ہزار 755 روپے تک پہنچ سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تعطیلات، عید، سیاحتی سیزن یا آخری وقت پر بکنگ کی صورت میں فضائی کرایے مزید بڑھ جاتے ہیں۔ ایسے حالات میں بعض ڈومیسٹک روٹس پر یک طرفہ ٹکٹ کی قیمت 58 ہزار 875 روپے تک بھی جا سکتی ہے، جس کا انحصار نشستوں کی دستیابی اور طلب پر ہوتا ہے۔
ایوی ایشن شعبے سے وابستہ ذرائع کے مطابق اندرونِ ملک سب سے زیادہ مہنگے فضائی روٹس میں کوئٹہ سے اسلام آباد اور کراچی سے اسلام آباد شامل ہیں۔ ان روٹس پر مسافروں کی طلب نسبتاً زیادہ ہونے کی وجہ سے کرایے بھی دیگر شہروں کے مقابلے میں بلند رہتے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









