لاہور: غیر رجسٹرڈ اسکول میں سمر کیمپ کے دوران چھت گرنے کا واقعہ، انتظامیہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا سخت ایکشن

لاہور: باغبانپورہ میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے انکشاف کیا ہے کہ متعلقہ اسکول رجسٹرڈ نہیں تھا اور غیر قانونی طور پر چلایا جا رہا تھا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسکول کی عمارت کو توسیع دینے کے لیے ملحقہ عمارت پر تعمیراتی کام جاری تھا، اسی دوران پہلی منزل منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک 10 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسکول میں جاری سمر کیمپ بھی بغیر اجازت اور غیر قانونی طور پر چلایا جا رہا تھا۔ واقعے کے بعد ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آپریشن مکمل کر لیا اور جائے وقوعہ کو کلیئر قرار دے دیا۔ حکام کے مطابق سمر کیمپ میں موجود دیگر تمام بچے محفوظ رہے۔
ضلعی انتظامیہ نے مزید بتایا کہ اسکول انتظامیہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایک بچے کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کی۔
وزیراعلیٰ نے کمشنر لاہور اور ڈی جی ریسکیو سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ریسکیو آپریشن میں ایک سیکنڈ کی بھی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ملبے سے 10 سے زائد بچوں کو بحفاظت نکالنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو شاباش بھی دی۔
مریم نواز شریف نے زخمی بچوں اور دیگر متاثرین کو بہترین اور فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے غفلت یا غیر معیاری تعمیرات کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی اعلان کیا کہ صوبے بھر کے گنجان آباد علاقوں میں قائم ایسے تمام اسکولوں کی عمارتوں کا فوری سیفٹی آڈٹ کرایا جائے گا تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









