جمعہ، 3-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/18هـ (03-07-2026م)

اگر میں لاہور آ گیا تو مجھے کہیں اور نہیں جانے دیں گے، دلجیت دوسانجھ

03 جولائی, 2026 11:27

دلجیت دوسانجھ نے مداحوں سے گفتگو میں پاکستان نہ آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ لاہور آ گئے تو لوگ انہیں کہیں اور نہیں جانے دیں گے کیونکہ یہ سب سیاست ہے۔

انڈین پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے کہا ہے کہ وہ اس وقت پاکستان، خصوصاً لاہور آ کر پرفارم نہیں کر سکتے کیونکہ موجودہ حالات میں یہ ان کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔

دلجیت دوسانجھ نے اپنے یورپی ٹور کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مداحوں سے براہِ راست گفتگو کے دوران مختلف سوالوں کے جواب دیئے۔

اسی دوران لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک مداح نے ان سے پاکستان آنے کی مخلصانہ درخواست کی۔ اس پر دلجیت نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ نہیں بھائی، اگر میں لاہور آ گیا تو پھر مجھے لوگ کہیں اور نہیں جانے دیں گے۔ آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں کیا کچھ چل رہا ہے، یہ سب سیاست ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت کے بڑے میڈیا گروپ پر سائبر حملہ، نشریات معطل، پاکستانی پرچم لہرادیا گیا

گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سیاست سے دور رہنے کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ ان کے بقول سیاست ایسا میدان ہے، جہاں بہت مضبوط اعصاب اور سخت مزاج ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ سیاست سے دور رہتا ہوں اور اپنے آپ کو اس سے الگ رکھتا ہوں، جو لوگ سیاست میں آتے ہیں ان کے لیے یہ آسان کام نہیں ہے اور یہ میرے بس کی بات نہیں ہے، اسی لیے میں اس سے دور ہی رہتا ہوں۔

یاد رہے کہ دلجیت دوسانجھ کو گزشتہ برس ایک فلم میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے پر انڈیا میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث اس فلم کو انڈیا کے سینما گھروں میں ریلیز بھی نہیں کیا گیا تھا جبکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں اسے نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

اس تنازع کے باوجود دلجیت نے اپنے فیصلے کا دفاع کیا تھا۔ حال ہی میں دلجیت ایک اور فلم میں نظر آئے، جس کی کہانی تقسیمِ ہند کے پس منظر پر مبنی ہے اور اس کا بڑا حصہ موجودہ پاکستانی شہر سرگودھا میں پیش آتا ہے۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔