کراچی میں پانی کی سپلائی معطل؛ کونسے علاقے متاثر ہوں گے؟

Water supply suspended in Karachi once again
کراچی کے بعض علاقوں میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہو گئی ہے۔ اس کی وجہ لیاری میں 24 انچ قطر کی مرکزی واٹر پائپ لائن میں ہونے والی لیکیج بتائی جا رہی ہے۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KWSC) کے مطابق متاثرہ لائن کی مرمت کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں سے پانی احتیاط سے استعمال کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
واٹر کارپوریشن کے حکام نے بتایا کہ پائپ لائن میں خرابی کے باعث لیاری کی یونین کونسل 9، 10، 11 اور 12 میں پانی کی سپلائی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ تاہم لیاری ٹاؤن کے دیگر علاقوں میں معمول کے مطابق پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
ادارے کے مطابق انجینئرنگ اور تکنیکی ٹیمیں مسلسل مرمت میں مصروف ہیں تاکہ فراہمی جلد بحال کی جا سکے۔ مرمتی کام مکمل ہونے میں تقریباً 36 سے 48 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ اس کے بعد متاثرہ علاقوں میں مرحلہ وار پانی کی سپلائی دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔
دوسری جانب کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے نادہندگان کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ادارے کی ٹیموں نے مختلف کمرشل اور صنعتی صارفین کے پانی کے کنکشن منقطع کیے اور کئی مقامات کو سیل بھی کر دیا۔ یہ کارروائیاں ان اداروں کے خلاف کی جا رہی ہیں جن پر پانی کے بلوں کی مد میں بھاری رقم واجب الادا ہے۔
لانڈھی ٹاؤن کے سیکٹر 28 میں ہونے والی کارروائی کے دوران کئی بڑے صنعتی اور تجارتی اداروں کے کنکشن منقطع کیے گئے۔ واٹر کارپوریشن کے مطابق ان صارفین پر مجموعی طور پر 4 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات موجود تھے۔ ادارے نے واضح کیا کہ بقایاجات کی وصولی تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
کراچی کے علاقے گلشن حدید اور ملحقہ آبادیوں کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 5 ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے، اس منصوبے سے علاقے میں پانی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
میئر کراچی کے مطابق گلشن حدید اور آس پاس کے علاقوں کے لیے تقریباً 50 کروڑ روپے کی لاگت سے 4 کلومیٹر طویل نئی پائپ لائن بچھائی گئی ہے۔ اس منصوبے سے لگ بھگ 5 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ واٹر کارپوریشن نے یہ منصوبہ صرف دو ماہ میں مکمل کیا، جو ایک اہم کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے مزید منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ مستقبل میں ملیر اور دیگر علاقوں میں بھی پانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











