ہفتہ، 4-جولائی،2026
ہفتہ 1448/01/19هـ (04-07-2026م)

گھوٹکی سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا جعلی افسر گرفتار، جعلی تقرر نامہ اور دستخط بھی بے نقاب

04 جولائی, 2026 11:29

سندھ کے ضلع گھوٹکی سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جو خود کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا جعلی افسر ظاہر کر رہا تھا۔

حکام کے مطابق ملزم عرصے سے سرکاری عہدے کا جھوٹا دعویٰ کر کے مختلف مراعات اور پروٹوکول حاصل کرتا رہا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق گرفتار شخص کا نام عبدالواجد ہے، جو گھوٹکی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ ملزم خود کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں گریڈ 17 کا افسر ظاہر کرتا تھا اور اس کے پاس مبینہ طور پر ایک جعلی تقرر نامہ بھی موجود تھا۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ اس دستاویز پر قومی اسمبلی کے سپیکر کے جعلی دستخط بھی شامل تھے۔

معاملے کا انکشاف ہونے پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فوری نوٹس لیا اور متعلقہ حکام کو کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ اسپیکر کی ہدایت پر قائم مقام سیکرٹری قومی اسمبلی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا۔

اس سلسلے میں ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جی سندھ کو باضابطہ خطوط ارسال کیے گئے، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ترجمان کے مطابق ملزم کے پاس موجود تقرر نامہ مکمل طور پر جعلی تھا اور اس کا قومی اسمبلی سے کوئی تعلق یا ریکارڈ موجود نہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزم جعلی شناخت کے ذریعے نہ صرف خود کو سرکاری افسر ظاہر کرتا رہا بلکہ مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر سرکاری مراعات اور پروٹوکول بھی حاصل کرتا رہا۔

ترجمان قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ سپیکر، قومی اسمبلی یا کسی بھی سرکاری عہدے کے نام پر جعلی دستاویز تیار کرنا ایک سنگین جرم ہے۔ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی سرکاری دستاویز یا تعیناتی کی تصدیق لازمی طور پر متعلقہ اداروں سے کریں تاکہ دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔

حکام کے مطابق ملزم کے نیٹ ورک اور ممکنہ سہولت کاروں کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا اس جعلسازی میں مزید افراد بھی شامل تھے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔