ہفتہ، 4-جولائی،2026
ہفتہ 1448/01/19هـ (04-07-2026م)

ایم کیو ایم پاکستان کی وفاقی حکومت کو آخری وارننگ، مطالبات نہ مانے گئے تو علیحدگی اور احتجاجی تحریک کا اعلان

04 جولائی, 2026 14:47

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وفاقی حکومت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس کے مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ کیا گیا تو جماعت حکومت سے علیحدگی اختیار کر سکتی ہے اور قومی اسمبلی کی 22 نشستوں سے استعفے دے کر اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ بھی کر سکتی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ جماعت کے تحفظات مسلسل نظر انداز کیے جا رہے ہیں، اس لیے اب وزیراعظم شہباز شریف خود معاملے میں مداخلت کریں اور معاہدے کی تمام شقوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مطالبات پورے نہ کیے تو ایم کیو ایم وفاق اور سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرے گی اور کراچی کے عوام سڑکوں پر نکلیں گے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم نے لاپتہ کارکنان کی بازیابی کے لیے نام دے دیے ہیں، لیکن اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے، پٹرولیم لیوی واپس لی جائے اور مقامی پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے گورنر سندھ کے معاملے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر گورنر شپ کسی کو خوش کرنے کے لیے ایم کیو ایم سے واپس لی گئی ہے تو اسے فوری طور پر جماعت کو واپس کیا جائے۔

ایم کیو ایم رہنما نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ فیکٹری کیس کا نام لے کر جماعت کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، جبکہ کراچی اور حیدرآباد کے ترقیاتی منصوبوں کو بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

ان کے مطابق کے فور منصوبے کی لاگت میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے، مگر شہر کے مسائل حل نہیں ہو رہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کیا جائے، نئے انتظامی یونٹس بنائے جائیں اور مقامی حکومتوں کو بااختیار بنایا جائے۔

فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ 30 مارچ 2022 کے معاہدے میں شامل 18 نکات پر اب تک عمل نہیں ہوا، جس پر جماعت کو شدید تحفظات ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیراعظم شہباز شریف کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی آ کر چند روز قیام کریں اور ایم کیو ایم کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر مکمل عملدرآمد کروائیں، بصورت دیگر جماعت آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔