لاہور؛ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی، ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ

Attention, driving license holders! Major decision by the government
پنجاب حکومت نے اسموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے لاہور میں کارروائیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایات پر جاری انسدادِ اسموگ مہم کے تحت اب دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ اس فیصلے کا مقصد شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنا اور فضائی آلودگی میں کمی لانا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے اعلان کیا ہے کہ ایسی گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جائیں گے جو مقررہ حد سے زیادہ دھواں خارج کرتی ہیں۔ کمرشل گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی اور ان کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ روٹ پرمٹ بھی معطل کیے جا سکیں گے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ شہر میں بغیر ترپال مٹی، ریت، بجری یا دیگر تعمیراتی سامان لے جانے والی ٹریکٹر ٹرالیوں اور ڈمپرز کے داخلے پر پابندی برقرار ہے۔ خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں تاکہ سڑکوں پر گرد و غبار اور آلودگی کو کم کیا جا سکے۔
رواں مالی سال کے دوران دھواں چھوڑنے والی ایک لاکھ 14 ہزار 378 گاڑیوں کے چالان کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اسموگ مہم کے دوران مختلف خلاف ورزیوں پر ایک ہزار 401 مقدمات بھی درج کیے گئے۔
بغیر ترپال سامان لے جانے والی 53 ہزار 599 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ ایک لاکھ 88 ہزار 374 خستہ حال اور بغیر فٹنس گاڑیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ مٹی، ریت اور معدنیات کی ترسیل کرنے والی گاڑیوں پر بھی خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔ مائنز سائٹس پر بھی کریک ڈاؤن جاری ہے اور بغیر ترپال یا پانی کے حفاظتی انتظامات کے ٹریکٹر ٹرالیاں چلانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ڈی ایس پیز اور دیگر افسران کو خصوصی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے بھی فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کی نشاندہی کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نظام استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کو اپنی گاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کے لیے مراسلے بھی ارسال کیے گئے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












