سندھو پر کوئی سودا نہیں کریں گے، بھارت کو جواب دیں گے، بلاول بھٹو

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے خطے کے سیاسی، آئینی اور انتظامی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی اور آج بھی وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے شخصی حکمرانی کے خاتمے اور عوامی سیاست کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے گلگت بلتستان میں سیاسی عمل کا آغاز کیا جبکہ صدر آصف علی زرداری نے خطے کے لیے انتظامی ڈھانچہ فراہم کیا۔
ان کے مطابق گلگت بلتستان کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں اور نئی نسل اس خطے کی جدوجہد کو مزید آگے لے کر جائے گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب قومی اسمبلی میں گلگت بلتستان کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔
ان کے مطابق پیپلزپارٹی کو تین بنیادی اصولوں پر عوامی مینڈیٹ حاصل ہوا ہے، جن میں حق حاکمیت، حق ملکیت اور حق روزگار شامل ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔
بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی ایران میں مبینہ سازش ناکام ہوئی اور ایران کے عوام نے اس کا مؤثر مقابلہ کیا، جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا ہے اور سندھ طاس معاہدے پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان پیچھے نہیں ہٹے گا۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم پاکستان کے عوام اور افواج متحد ہیں اور ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بھارتی جارحیت کو شکست دی گئی اور دشمن کی ناکامی اسے ہضم نہیں ہو رہی، اسی لیے وہ مختلف ماڈلز کے ذریعے سازشیں کر رہا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان کے عوام سیسہ پلائی دیوار ہیں اور کسی بھی بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور مفادات پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ “سندھ پر کوئی سودا نہیں ہوگا” اور پاکستان اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









