منگل، 7-جولائی،2026
منگل 1448/01/22هـ (07-07-2026م)

پارٹی کے نائب صدر افتخار طیب نے پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرلی

07 جولائی, 2026 09:57

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے قبل میرپور ڈویژن میں پارٹی کے نائب صدر افتخار طیب نے پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کر دیا۔

افتخار طیب کی آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان ایک باقاعدہ تقریب کے دوران کیا گیا۔ تقریب میں استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ عبدالعلیم خان، آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل نثار انصر ابدالی بھی موجود تھے۔ پارٹی قیادت نے افتخار طیب کا خیرمقدم کیا اور انہیں آئی پی پی کا مفلر پہنا کر اپنی جماعت میں شامل کیا۔

سیاسی حلقوں کے مطابق افتخار طیب طویل عرصے سے پی ٹی آئی کے سرگرم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔ وہ میرپور ڈویژن میں تنظیمی معاملات میں بھی متحرک کردار ادا کرتے رہے۔ ان کی پارٹی چھوڑنے کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آزاد کشمیر میں انتخابی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں اور مختلف جماعتیں اپنے امیدواروں کو حتمی شکل دے رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق صرف ایک روز قبل پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے افتخار طیب کے لیے پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کی سفارشات بھی ارسال کی تھیں۔ تاہم اس کے اگلے ہی روز ان کی جانب سے پارٹی چھوڑنے اور آئی پی پی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان سیاسی حلقوں کے لیے غیر متوقع پیش رفت ثابت ہوا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔