حماس کا گورننگ باڈی تحلیل کرنے کا اعلان محض میڈیا اسٹنٹ ہے، اسرائیلی حکام

اسرائیلی حکام نے حماس کی جانب سے غزہ کی گورننگ باڈی کو تحلیل کرنے کے فیصلے کو محض ایک سیاسی اور میڈیا اسٹنٹ قرار دے کر مسترد کر دیا۔
اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سینئر اسرائیلی حکام نے حماس کی جانب سے اپنی گورننگ کمیٹی کو تحلیل کرنے کے حالیہ اعلان کو صرف ایک میڈیا اسٹنٹ اور دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ حماس اس اقدام کے ذریعے اسرائیل کے ان الزامات سے بچنا چاہتی ہے، جن کے مطابق حماس خود کو ختم نہیں کر رہی۔
اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس ہتھیار ڈالنے کے لیے تیار نہیں ہے اور اسی وجہ سے وہ غزہ کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے پر عمل نہیں کر رہی۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت سے استعفیٰ اسرائیلی قبضے کے بہانوں کو ختم کرنے کیلئے دیا، حماس
گزشتہ مہینوں کے دوران اسرائیل نے غزہ کے 70 فیصد سے زیادہ حصے پر اپنا کنٹرول بڑھا لیا ہے اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے حال ہی میں کہا تھا کہ جب تک حماس مکمل طور پر نہتی نہیں ہو جاتی، تب تک نہ تو غزہ کی دوبارہ تعمیر ہوگی اور نہ ہی فوج واپس بلائی جائے گی۔
دوسری جانب، اسرائیل میں یہ خوف اور تشویش بھی پائی جاتی ہے کہ حماس کے اس اعلان کے بعد اسرائیل پر جنگ بندی کے معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے عالمی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ کے انتظامی امور سنبھالنے والی اس عبوری کمیٹی کو ‘غزہ کی انتظامیہ کے لیے قومی کمیٹی’ کہا جاتا ہے، جو جنوری میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک قرارداد کے تحت قائم کی گئی تھی اور اس میں 13 اہل فلسطینی ارکان شامل ہیں، تاہم اسرائیل نے اس کمیٹی کو گزشتہ 6 ماہ سے غزہ میں داخل ہونے سے روک رکھا ہے اور یہ فی الحال قاہرہ سے کام کر رہی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












