منگل، 7-جولائی،2026
منگل 1448/01/22هـ (07-07-2026م)

پنجاب میں اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم کا آغاز، 30 ہزار خاندان زمینوں کے مالک بن گئے

07 جولائی, 2026 15:07

عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ‘اپنا کھیت اپنا روزگار’ اور ‘اپنی چھت اپنا گھر’ اسکیموں کے تحت پنجاب کے لاکھوں خاندانوں اور کسانوں کو سولر، ٹریکٹرز اور مفت پلاٹ فراہم کیئے گئے۔

پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ‘اپنی چھت اپنا گھر’ اسکیم کی شاندار کامیابی کے بعد اب ‘اپنا کھیت اپنا روزگار’ اسکیم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس نئی اسکیم کے تحت پنجاب کے 30 ہزار خاندان زمینوں کے مالک بن چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ‘اپنی زمین اپنا گھر’ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 2 ہزار غریب خاندانوں کو مفت پلاٹ دیئے گئے ہیں، جبکہ اب تک پنجاب میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 80 ہزار بے گھر افراد کو چھت فراہم کی جا چکی ہے۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب کی تاریخ میں کسانوں کے لیے اتنے بڑے اقدامات پہلے کبھی نہیں ہوئے، جہاں کسانوں کو 09 لاکھ کسان کارڈ اور 30 ہزار گرین ٹریکٹرز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں موٹر وہیکل ٹوکن ٹیکس پر 10 فیصد رعایت

وزیر اطلاعات نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صوبے کے 5 ہزار کسانوں کو جدید سپر سیڈر فراہم کیے گئے ہیں جبکہ 8 ہزار ٹیوب ویلوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کی بڑی سہولت دی گئی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز کی بدولت پنجاب میں ترقی اور خوشحالی کے اثرات اٹک سے لے کر رحیم یار خان تک واضح طور پر پہنچ چکے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز روزانہ کے پروپیگنڈے، جھوٹ اور الزامات کا جواب کسی بیان بازی سے نہیں بلکہ اپنی شاندار کارکردگی سے دے رہی ہیں۔

انہوں یہ بھی کہا کہ جن لوگوں کی قسمت میں صرف رونا دھونا لکھا ہو، اللہ تعالیٰ انہیں کبھی عوام کی خدمت کا ایسا سنہرا موقع نہیں دیتا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔