ایرانی فوج کا امریکہ کو انتہائی سخت اور منہ توڑ جواب دینے کا اعلان

ایرانی فوج نے جنوبی ایران پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جارحیت قرار دیا اور امریکہ کو اس کا منہ توڑ جواب دینے کا اعلان کردیا۔
ایران کی فوج کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے جنوبی ایران پر امریکی فضائی حملوں پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ اور کھلی جارحیت قرار دیا ہے۔
ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے اس وقت کیے گئے، جب عراق میں سابق سپریم لیڈر شہید سید علی خامنہ ای کے جسدِ خاکی کی تشییع جنازہ کی رسومات جاری تھیں۔
ملٹری کمانڈ نے وارننگ دی ہے کہ ایرانی مسلح افواج امریکی اقدامات کا ایسا جواب دیں گی، جسے وہ یاد رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی فوج کے ایران پر فضائی حملے، بندر عباس اور قشم میں درجنوں دھماکے، کئی افراد زخمی
فوج نے واضح کیا کہ ایران آبنائے ہرمز کے انتظام و انصرام میں کسی بھی بیرونی مداخلت کو اجازت نہیں دے گا اور تجارتی جہازوں اور تیل کے ٹینکروں کے لیے صرف وہی راستہ محفوظ ہے، جس کا تعین اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ نے امریکہ کے ساتھ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی مبینہ خلاف ورزی کا ذمہ دار سراسر واشنگٹن کو ٹھہرایا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی اقدام مفاہمت کی یادداشت کی کھلی اور سنگین خلاف ورزی ہے اور ایران اپنی قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھائے گا۔
رہبرِ اعلیٰ کے فوجی مشیر محسن رضائی نے بھی سخت بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس امریکی کارروائی سے دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکراتی عمل سبوتاژ ہونے کا شدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
محسن رضائی نے کہا کہ امریکی انتظامیہ اپنے وعدوں پر قائم نہیں رہتی اور خدشہ ہے کہ امریکہ ان مذاکرات کو بھی گزشتہ جوہری معاہدے کی طرح ناکام بنا دے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












