بدھ، 8-جولائی،2026
بدھ 1448/01/23هـ (08-07-2026م)

شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کارگو طیارہ اورماڑہ کے قریب سمندر میں لاپتہ

08 جولائی, 2026 08:45

شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کمپنی کے ٹو ایئرویز کا بوئنگ 737 کارگو طیارہ بلوچستان میں اورماڑہ کے قریب سمندر میں لاپتہ ہو گیا، جس میں عملے کے 5 ارکان سوار تھے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ سے کراچی آنے والے ایک نجی کارگو طیارے کا بدھ اور منگل کی درمیانی رات رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

کے ٹو ایئرویز کا بوئنگ 737 کارگو طیارہ جب کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں تھا تو رات 9 بج کر 18 منٹ پر اس کے نیویگیشن سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی۔

کراچی ایریا کنٹرول سینٹر نے فوری طور پر طیارے کی رہنمائی شروع کی، لیکن محض 3 منٹ بعد رات 9 بج کر 21 منٹ پر ریڈار پر دیکھا گیا کہ طیارے نے اچانک دائیں جانب رخ موڑا اور تیزی سے اپنی بلندی کھونے لگا، جس کے بعد اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ یہ آخری پوزیشن بلوچستان کے علاقے اورماڑہ سے تقریباً 53 ناٹیکل میل دور بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں سیکورٹی اداروں کا آپریشن، کالعدم بی ایل اے کے 2 دہشت گرد گرفتار

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق خودکار ڈیٹا ظاہر کرتا ہے کہ طیارہ سطح سمندر سے صرف 1100 فٹ کی بلندی پر تھا اور وہ 22400 فٹ فی منٹ کی غیر معمولی اور تیز رفتار سے نیچے کی طرف آ رہا تھا کہ ڈیٹا آنا بند ہو گیا۔

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ طیارے میں عملے کے 5 ارکان سوار تھے، جن میں کیپٹن، فرسٹ آفیسر، فلائٹ انجینئر اور لوڈ ماسٹر شامل ہیں۔

واقعے کے فوراً بعد ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کو فعال کر کے بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

پاک بحریہ کا جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار متاثرہ علاقے کی طرف روانہ ہو چکا ہے، جبکہ پاک فضائیہ کا ساب طیارہ بولہاری سے اور بحریہ کا اے ٹی آر طیارہ تربت سے اڑان بھر کر تلاش میں مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ تجارتی بحری جہاز لاہور کو بھی امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔