سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر قتل کیس، امریکہ نے بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی پر فردِ جرم عائد کر دی

امریکہ نے کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے الزام میں بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی اور اس کے نائب گولڈی برار پر فردِ جرم عائد کر دی۔
امریکہ نے بھارتی جیل میں قید جرائم پیشہ گینگ کے سربراہ لارنس بشنوئی اور شمالی امریکہ میں اس کے نائب ستیندر جیت سنگھ عرف گولڈی برار پر 2023 میں کینیڈا کے شہر سرے میں ہونے والے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی ہدایت دینے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
لاس اینجلس کی ایک وفاقی عدالت میں فردِ جرم کے مطابق لارنس بشنوئی نے بھارتی جیل کے اندر سے اسمگل شدہ موبائل فونز کا استعمال کرتے ہوئے اس کارروائی کی نگرانی کی اور اپنے ساتھیوں کو ہردیپ سنگھ نجر کی تصاویر اور پتے فراہم کیے۔
لارنس بشنوئی کے بچپن کے دوست گولڈی برار نے مبینہ طور پر اس مجرمانہ گروپ کی شمالی امریکہ میں کارروائیوں کو سنبھال رکھا تھا۔
امریکی استغاثہ نے اس فردِ جرم میں بھارتی حکومت کے اس قتل میں ملوث ہونے کا کوئی الزام عائد نہیں کیا ہے۔ ہردیپ سنگھ نجر کینیڈا کے شہری تھے اور وہ بھارت سے الگ سکھوں کے آزاد وطن خالصتان کی تحریک چلا رہے تھے، جس کی وجہ سے بھارتی حکومت نے انہیں دہشت گرد قرار دے رکھا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت کی آبی جارحیت، پاکستان کی تمام سیاسی قیادت سندھ طاس معاہدے کے دفاع کے لیے یک زبان
یہ چارجز امریکہ اور کینیڈا کے اداروں کی اس وسیع تحقیقات کا حصہ ہیں، جس کے تحت بھارت میں قائم 3 بڑے جرائم پیشہ گروہوں کے 37 ملزمان پر بھتہ خوری، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر سنگین جرائم کے مقدمات قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 24 ملزمان کو گرفتار یا حراست میں لیا جا چکا ہے۔
کینیڈا کی پولیس نے مئی 2024 میں نجر کے قتل کے سلسلے میں 4 بھارتی شہریوں کو گرفتار کیا تھا، جن کے بھارتی حکومت سے روابط کی ابھی تفتیش کی جا رہی ہے۔
اب کینیڈا کے نئے وزیرِ اعظم مارک کارنی کے دور میں کینیڈا اور بھارت کے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور نومبر تک ایک تجارتی معاہدے کی امید ہے، تاہم سکھ تنظیمیں کینیڈا کی حکومت پر تنقید کر رہی ہیں کہ وہ بھارت کو اس معاملے پر جوابدہ ٹھہرانے میں ناکام رہی ہے۔
یاد رہے کہ 18 جون 2023 کو ایک سکھ عبادت گاہ کے باہر ہردیپ سنگھ نجر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا، جس کے بعد کینیڈا کے اس وقت کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے اس قتل کے تار بھارتی حکومت کے ایجنٹوں سے جڑے ہونے کا دعویٰ کیا تھا، جس پر نئی دہلی اور اوٹاوا کے سفارتی تعلقات شدید بحران کا شکار ہو گئے تھے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











