بدھ، 8-جولائی،2026
بدھ 1448/01/23هـ (08-07-2026م)

کراچی میں 6 سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل، ملزم گرفتار

08 جولائی, 2026 14:29

کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں 6 سالہ معصوم بچے محمد ولی کو مبینہ طور پر اغوا اور زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا، پولیس نے پڑوسی کو گرفتار کر لیا۔

کراچی کے علاقے لی مارکیٹ کی پنجابی گلی میں ایک انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 6 سالہ کمسن بچے محمد ولی کو اغوا کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

معصوم محمد ولی پیر کی شام گھر سے قریبی دکان پر چیز لینے نکلا تھا، لیکن واپس نہیں آیا، جس پر اہل خانہ نے کئی گھنٹوں کی تلاش میں ناکامی کے بعد نپیئر تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج کرایا۔

منگل اور بدھ کی درمیانی شب بچے کی بوری بند لاش اسی علاقے کی ایک عمارت کی چھت سے نیچے پھینکی گئی، جسے پولیس نے تحویل میں لے کر سول اسپتال منتقل کیا۔

غم سے نڈھال والدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے معصوم بیٹے کی تلاش میں دربدر پھرتے رہے، جبکہ یہ سفاکانہ واقعہ پڑوسی کے گھر میں پیش آیا، جہاں انہیں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور میں غیر ملکی خاتون سے اجتماعی زیادتی کیس کے 3 ملزمان کا ڈی این اے میچ کر گیا

واقعہ سامنے آنے پر علاقہ مکینوں اور اہل خانہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزم کا نام حمزہ ہے، جو مقتول بچے کا پڑوسی ہے۔ ابتدائی تحقیقات اور تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے معصوم بچے کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کرنے کے بعد اسے قتل کیا اور لاش کو بوری میں بند کر کے چھت سے نیچے پھینک دیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے، جس پر انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ساؤتھ کو متاثرہ خاندان سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ کیس کی تفتیش اور پراسیکیوشن کو انتہائی مضبوط بنایا جائے تاکہ ملزم کو کیفرِ کردار تک پہنچا کر قرار واقعی سزا دلائی جا سکے، اس سنگین واقعے میں کسی قسم کی غفلت یا رعایت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے بتایا کہ وہ تفتیش کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور متاثرہ خاندان کو ہر مرحلے پر اعتماد میں لے کر ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔