بالی ووڈ اداکار راجیش شرما کو شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا، حالت تشویشناک

Actor Critical After Insect Bite
بالی ووڈ اور ہندی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار راجیش شرما شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے کے بعد اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں جنوبی بھارت کے معروف اداکار پربھاس کی نئی فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا، جس کے بعد ان کی طبیعت مسلسل بگڑتی چلی گئی۔ ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے مسلسل نگرانی میں رکھا ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ حیدرآباد کی مشہور راموجی فلم سٹی میں پیش آیا، جہاں پربھاس کی نئی فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔ شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد راجیش شرما مقامی تکنیکی عملے کے چند افراد کے ساتھ جھاڑیوں کے قریب کھڑے گفتگو کر رہے تھے۔ اسی دوران انہیں کسی زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا۔ ابتدا میں انہوں نے اس واقعے کو معمولی سمجھا اور فوری طور پر طبی امداد حاصل نہیں کی، جس کی وجہ سے بعد میں صورتحال سنگین ہو گئی۔
اہلخانہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق واقعے کے تقریباً چھ گھنٹے بعد اداکار کی دائیں ٹانگ میں شدید درد شروع ہوا۔ اس کے باوجود وہ کلکتہ جانے والی پرواز میں سوار ہو گئے۔ سفر کے دوران ان کی طبیعت مزید خراب ہوئی اور انہیں تیز بخار بھی ہو گیا۔ کلکتہ پہنچنے کے بعد انہیں فوری طور پر ڈھاکوریا کے منی پال اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تفصیلی معائنہ شروع کیا۔
اسپتال کے معالجین کے مطابق زہریلے کیڑے کے کاٹنے سے ہونے والا انفیکشن تیزی سے پھیل گیا۔ زہر کا اثر پیر کی انگلیوں سے شروع ہو کر گھٹنے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ متاثرہ ٹانگ پر بڑے بڑے چھالے بھی بن گئے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اداکار کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے، جس کے باعث انہیں خصوصی طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر انفیکشن پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو ٹانگ میں خون کا لوتھڑا بننے کا خدشہ موجود ہے۔ اگر یہ لوتھڑا خون کے ذریعے پھیپھڑوں تک پہنچ گیا تو یہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ اسی خطرے کے پیش نظر ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل علاج کر رہی ہے، تاہم ابھی تک راجیش شرما کو مکمل طور پر خطرے سے باہر قرار نہیں دیا گیا۔
اداکارہ سودیپا چٹرجی نے بھی راجیش شرما کے اہلخانہ کی جانب سے جاری کیے گئے پریس نوٹ کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے دعا کی اپیل کی۔
Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












