جمعرات، 9-جولائی،2026
جمعرات 1448/01/24هـ (09-07-2026م)

کوئٹہ اور زیارت میں دہشت گردی کے خلاف لواحقین کا میتوں کے ہمراہ دھرنا جاری

09 جولائی, 2026 15:38

کوئٹہ میں زیارت اور ہنہ اوڑک کے دہشت گردانہ حملوں میں شہید اہلکاروں اور شہریوں کی لاشیں ملنے کے بعد لواحقین نے لاشوں کے ہمراہ دھرنا دے دیا۔

کوئٹہ اور زیارت کے اضلاع میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے خلاف لواحقین اور شہریوں کا شدید احتجاج جاری ہے۔ گزشتہ روز زیارت کے علاقے مانگی سے سیکیورٹی اہلکاروں کی لاشیں ملی تھیں، جنہیں سول اسپتال کوئٹہ لایا گیا تھا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق گزشتہ رات مجموعی طور پر 21 اہلکاروں کی میتیں لائی گئی تھیں۔

زیارت میں شہید ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر کے انہیں آبائی علاقوں میں دفن کر دیا گیا ہے، تاہم واقعے کے خلاف لواحقین کا ڈپٹی کمشنر کمپلیکس زیارت کے سامنے دھرنا اب بھی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 19 دہشت گرد ہلاک، 11 اہلکار بھی شہید

دوسری جانب، کوئٹہ کے علاقے ہنہ اوڑک میں اتوار کے روز ہونے والے ایک اور دہشت گرد حملے میں 4 افراد جاں بحق اور 11 لاپتہ ہو گئے تھے۔

اس واقعے کے لواحقین نے آج 8 میتوں کے ہمراہ کوئٹہ کے کوئلہ پھاٹک پر احتجاجی دھرنا دے دیا ہے، شرکا کا مطالبہ ہے کہ مغویوں کو فوری بازیاب کرایا جائے اور جب تک بازیابی نہیں ہوتی دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔ اس دھرنے کے باعث کوئٹہ شہر میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا ہے اور ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہے۔

ایئرپورٹ روڈ ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند ہے جبکہ سمنگلی روڈ، اسپینی روڈ، مغربی بائی پاس اور نیو سبزل روڈ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔