جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

مانگی ڈیم دہشتگردانہ واقعےکیخلاف سکیورٹی فورسز کا ‘آپریشن شعبان’، مزید 13 خارجی دہشتگرد ہلاک، مجموعی تعداد 39 ہوگئی

10 جولائی, 2026 16:56

مانگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے بعد پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس نے آپریشن شبعان کے تحت دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشت گرد عناصر کے گرد گھیرا مزید سخت کر دیا گیا ہے، جبکہ زمینی اور فضائی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 اور 7 جولائی کو کارروائیوں کے دوران 26 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آپریشن شبعان میں اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 39 ہو چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنا رہی ہیں اور فرار ہونے والے عناصر کا تعاقب جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد علاقے کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

دریں اثنا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آج صبح خضدار کے زیدی علاقے میں دہشت گردوں نے پولیس اسٹیشن پر حملے کی کوشش کی، تاہم پاک فوج اور ایف سی کے بروقت اور مؤثر ردعمل کے نتیجے میں حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جوابی کارروائی میں آٹھ دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ہیلی کاپٹر آپریشن کے دوران مزید پانچ سے چھ دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے جاری آپریشن شبعان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 75 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کارروائیاں اس وقت تک جاری رکھیں گی جب تک تمام دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔