13 جولائی تک بارشوں اور آندھی کا نیا سلسلہ، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

New Rain Spell Forecast
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور تیز ہواؤں کے نئے سلسلے سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیشگوئی کے مطابق11 سے 13 جولائی تک بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔ اس دوران کئی شہروں میں شہری سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں اور مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ ہفتے کی شام سے ملک میں داخل ہوگا۔ اس کے اثرات کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، پشاور، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور بالائی سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ 11 اور 12 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور پشاور میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب پیدا ہو سکتا ہے۔ متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پہلے سے تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ان علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو خصوصی احتیاط کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ تیز آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، اشتہاری بورڈز اور گھروں یا عمارتوں پر نصب سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










