بی آئی ایس پی مستحقین کو کیش نکلوانے پر کتنی فیس دینا ہوگی؟

BISP Cash Withdrawal Fee Announced
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مستحقین کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کے نئے نظام سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے واضح کیا ہے کہ جو مستحقین اپنی امدادی رقم ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے وصول کریں گے، انہیں والٹ سے نقد رقم نکلوانے کی صورت میں 280 روپے فیس ادا کرنا ہوگی۔ یہ نیا نظام ادائیگی کے عمل کو مزید منظم اور شفاف بنانے کے لیے متعارف کروایا جا رہا ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کے اجلاس میں اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سلیم اللہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 280 روپے کا چارج صرف اس وقت وصول کیا جائے گا جب مستحقین اپنے ڈیجیٹل والٹ سے کیش نکلوائیں گے۔ اگر وہ اپنی رقم ڈیجیٹل طریقے سے استعمال کریں یا کسی دوسرے والٹ میں منتقل کریں تو اس پر کوئی اضافی فیس نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے "راست” ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے ذریعے کی جانے والی تمام ٹرانزیکشنز مکمل طور پر مفت ہوں گی۔ اسی طرح مختلف ڈیجیٹل والٹس کے درمیان رقم کی منتقلی پر بھی کوئی چارج نہیں لیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد مستحقین کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب راغب کرنا اور نقد رقم پر انحصار کم کرنا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈیجیٹل والٹ سے متعلق فیسوں کا نیا شیڈول ہر چھ ماہ بعد جاری کیا جائے گا تاکہ صارفین کو تازہ معلومات فراہم کی جا سکیں۔ ڈیجیٹل والٹ کے استعمال سے متعلق باہمی لین دین کے اخراجات خود صارفین برداشت کریں گے، تاہم حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی امدادی رقم معمول کے مطابق مستحقین تک پہنچتی رہے گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق دو نجی مائیکرو فنانس بینک 16 اور 20 جولائی سے اس نظام کے تحت کام شروع کریں گے۔ جبکہ پروگرام میں شامل تمام چھ بینک 31 جولائی تک مکمل طور پر اس ڈیجیٹل نظام سے منسلک ہو جائیں گے۔
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام مستحقین کے اکاؤنٹس کو مرحلہ وار ڈیجیٹل والٹ سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔ اس عمل کو مکمل کرنے کی آخری تاریخ 31 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










