وزیراعظم شہباز شریف خطے میں امن کیلئے پھر متحرک؛ ایران اور قطر کی قیادت سے اہم گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری حالیہ کشیدگی کے تناظر میں خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں مزید تیز کر دی ہیں۔
وزیراعظم نے ایران اور قطر کی قیادت سے اہم ٹیلیفونک رابطے کرکے علاقائی صورتحال اور امن کے لیے جاری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے الگ الگ گفتگو کی، جس میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، امن کی کوششوں اور سفارتی اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
ایرانی صدر سے گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے گریز ضروری ہے جو خطے میں امن کے لیے ہونے والی پیش رفت کو متاثر کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے ایران اور دیگر متعلقہ فریقین، بشمول امریکہ، پر زور دیا کہ وہ کشیدگی میں اضافے کا باعث بننے والے کسی بھی اقدام سے اجتناب کریں۔
انہوں نے اسلام آباد معاہدے کے تحت طے پانے والی ذمہ داریوں اور وعدوں پر عملدرآمد کو خطے کے مفاد میں اہم قرار دیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امن و استحکام کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کے سفارتی کردار اور تعمیری کوششوں کو سراہا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان بھی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
امیرِ قطر نے خطے میں امن کے لیے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہا۔
قطری قیادت نے اس معاملے میں پاکستان کے ساتھ تعاون اور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے یہ سفارتی رابطے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کا حصہ قرار دیے جا رہے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












