ایران کے اردن، بحرین اور کویت کے امریکی فوجی اڈوں پر جوابی میزائل و ڈرون حملے

ایرانی پاسداران انقلاب نے خطے میں قائم امریکی اور اتحادیوں کے فوجی اڈوں پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جس کے بعد بحرین اور کویت میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔
ایران کی نور نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب نے امریکہ کے مسلسل حملوں کے جواب میں خطے کے مختلف ممالک میں قائم دشمن کے فوجی اڈوں پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے شروع کر دیئے ہیں۔
پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ انہوں نے جوابی کارروائی کے پہلے مرحلے میں اردن کے پرنس حسن ایئر بیس کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود پیٹرول کے ٹینکوں اور گولہ بارود کے گوداموں میں شدید آگ لگ گئی ہے۔
کارروائی کے دوسرے مرحلے میں ایرانی خلائی فورسز نے بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس کو نشانہ بنایا، جہاں امریکی ہیلی کاپٹروں کی مرمت کے مراکز، پی 8 طیاروں کے ہینگر اور امریکی فوج کے ڈرون کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ کا جنوبی ایران پر دوبارہ حملہ، بندرعباس اور قشم جزیرے میں دھماکے، ایک ایرانی شہید
اس حملے کے بعد بحرین کی وزارت داخلہ نے ملک میں فضائی حملوں کے سائرن بجا دیئے اور شہریوں کو اہم شاہراہوں پر بلا ضرورت سفر کرنے سے روک دیا۔
آپریشن کے تیسرے مرحلے میں ایران نے کویت کے علی السالم ایئر بیس پر موجود پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم اور پیٹرول کے ٹینکوں کو مکمل طور پر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ احمد الجابر ایئر بیس پر موجود ایک اسٹریٹجک ریڈار سسٹم کو بھی اڑا دیا گیا۔
یہ کارروائیاں آبنائے ہرمز میں ایرانی بحریہ کی جانب سے 2 مشکوک بحری جہازوں کو روکنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا تسلسل ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












