پیر، 13-جولائی،2026
پیر 1448/01/28هـ (13-07-2026م)

آئندہ چند برسوں میں ہنر مند پاکستانیوں کو براہِ راست سعودی عرب بھیجا جائے گا

13 جولائی, 2026 10:14

 پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان افرادی قوت کی فراہمی کے معاہدے کے تحت آئندہ چند برسوں میں بڑی تعداد میں ہنر مند پاکستانیوں کو براہِ راست سعودی عرب بھیجا جائے گا۔

حکام کے مطابق سال 2030 تک تقریباً 10 لاکھ ہنر مند پاکستانیوں کو مختلف شعبوں میں ملازمت کے لیے سعودی عرب بھیجنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس پورے عمل میں امیدواروں کی بھرتی میرٹ اور شفاف طریقہ کار کے تحت ہوگی۔ درخواست گزاروں کو کسی پرائیویٹ ایجنٹ کے ذریعے جانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ انہیں براہِ راست سرکاری نظام کے ذریعے سعودی کمپنیوں سے جوڑا جائے گا۔

پنجاب میں اس منصوبے پر عمل درآمد کی ذمہ داری پنجاب اسکلز ڈیولپمنٹ فنڈ (PSDF) کو دی گئی ہے۔ ادارے کی سعودی پراجیکٹ سربراہ اذکا منیر کے مطابق ہر سال تقریباً 15 ہزار تربیت یافتہ افراد کو سعودی عرب کی مختلف کمپنیوں میں ملازمت کے لیے بھیجنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ٹیلنٹ پول قائم کیا گیا ہے جہاں امیدواروں کی رجسٹریشن، انٹرویو اور مہارت کا جائزہ لینے کے بعد انہیں موزوں کمپنیوں سے منسلک کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سعودی عرب میں صحت، نرسنگ، تعمیرات، انجینئرنگ، الیکٹریکل، مکینیکل اور دیگر فنی شعبوں میں ہنر مند افرادی قوت کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی نوجوانوں کو جدید تکنیکی تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ عالمی معیار کے مطابق روزگار حاصل کر سکیں۔

دوسری جانب پنجاب ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے بھی بیرون ملک بھرتی کا باقاعدہ لائسنس حاصل کر لیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد ٹیوٹا بھی نوجوانوں کو بغیر کسی ایجنٹ کے براہِ راست بیرون ملک ملازمت کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ امیدواروں پر مالی بوجھ بھی کم ہوگا۔

اسی پروگرام کے تحت رحیم یار خان کے رہائشی نرسنگ گریجویٹ اسد علی اور گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے محمد آصف کی سعودی عرب روانگی اسی ہفتے متوقع ہے۔ دونوں نوجوان سرکاری سرپرستی میں سعودی عرب جا رہے ہیں اور انہیں کسی نجی ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت نہیں پڑی۔

یہ منصوبہ صرف پنجاب تک محدود نہیں رہے گا۔ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے متعلقہ ادارے بھی نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کی نگرانی میں اس قومی پروگرام کا حصہ ہیں۔ تمام صوبوں میں نوجوانوں کو جدید ہنر سکھانے اور انہیں عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تیار کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔