ایف آئی اے کی بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والے گینگ کے خلاف کارروائی

Norway Job Seekers Beware of Fraud
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والے ایک مبینہ فراڈ گینگ کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم طیب شہزاد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق کارروائی فیصل آباد میں کی گئی، جہاں ملزم کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزمان نے منظم منصوبہ بندی کے تحت شہریوں کو بیرون ملک روشن مستقبل کے خواب دکھائے اور اسی بہانے ان سے لاکھوں روپے وصول کیے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری مزمل حسین سے ناروے میں ملازمت اور ورک ویزا کا بندوبست کرنے کے عوض مجموعی طور پر 75 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔ تاہم رقم لینے کے باوجود نہ تو ویزا فراہم کیا گیا اور نہ ہی متاثرہ شخص کو بیرون ملک بھیجا گیا۔ بار بار مطالبہ کرنے پر ملزمان نے صرف 24 لاکھ 90 ہزار روپے واپس کیے، جبکہ 50 لاکھ 10 ہزار روپے اپنے پاس رکھ لیے اور بقایا رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ مقدمے میں دو مزید ملزمان، فیض رسول اور شہزاد، بھی نامزد ہیں جو اس وقت مفرور ہیں۔ ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف شہروں میں ان کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











