ہالی ووڈ اسٹار سیم نیل 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، فلمی دنیا سوگوار

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ اداکار سیم نیل 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اہلِ خانہ نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار کا انتقال پیر کے روز آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہوا، جس کے بعد فلمی دنیا اور دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
خاندانی بیان کے مطابق سیم نیل کی وفات اچانک اور غیر متوقع تھی، تاہم اہلِ خانہ نے اطمینان کا اظہار کیا کہ وہ اپنی وفات سے قبل کینسر سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ سیم نیل کا بچھڑ جانا خاندان کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، تاہم یہ تسلی موجود ہے کہ انہوں نے بیماری کو شکست دے دی تھی۔
اہلِ خانہ نے سڈنی کے اسپتال کے ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے علاج کے دوران اداکار کی بھرپور دیکھ بھال کی۔
سیم نیل نے رواں سال اپریل میں اعلان کیا تھا کہ وہ اسٹیج تھری بلڈ کینسر کے علاج کے بعد مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ان کے اس اعلان پر دنیا بھر میں موجود مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا تھا، تاہم چند ماہ بعد ان کے انتقال کی خبر نے سب کو افسردہ کر دیا۔
سیم نیل کا شاندار فلمی کیریئر
سیم نیل نے 1970 کی دہائی میں آسٹریلوی اور نیوزی لینڈ سینما سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور بعد ازاں عالمی شہرت حاصل کی۔
انہوں نے ہالی ووڈ کی مشہور فلم جراسک پارک میں ڈاکٹر ایلن گرانٹ کا یادگار کردار ادا کیا، جبکہ آسکر ایوارڈ یافتہ فلم دی پیانو سمیت کئی کامیاب فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
کئی دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں سیم نیل نے مختلف نوعیت کے کردار ادا کیے جنہیں ناقدین اور شائقین دونوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔
عالمی سطح پر خراجِ عقیدت
آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے بھی سیم نیل کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باوقار، سنجیدہ اور باصلاحیت فنکار تھے۔
انہوں نے کہا کہ سیم نیل نے بیماری کا بھی اسی حوصلے، وقار اور مزاح کے ساتھ مقابلہ کیا جس طرح وہ اپنی اداکاری کے ذریعے لوگوں کے دل جیتتے رہے۔
فلمی شخصیات، مداحوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے سیم نیل کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
ان کے انتقال کو عالمی فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ان کی یادگار اداکاری ہمیشہ شائقین کے دلوں میں زندہ رہے گی۔
Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












