پیر، 13-جولائی،2026
پیر 1448/01/28هـ (13-07-2026م)

سندھ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کا گیٹ وے بن رہا ہے، شرجیل انعام میمن

13 جولائی, 2026 14:21

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی مؤثر پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کار دوست اقدامات کے باعث صوبہ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کا اہم مرکز بنتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری اور مجوزہ میگا منصوبے جدید انفراسٹرکچر کی بنیاد رکھیں گے، جس سے روزگار کے مواقع، صنعت، تجارت اور عوامی سہولیات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

شرجیل انعام میمن کے مطابق حکومت سندھ کی کوششوں سے صوبہ جدید، خوشحال اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مقام بننے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ شفاف طرزِ حکمرانی، جدید پالیسیوں، ون ونڈو سہولت اور سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کے باعث ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی معیشت کو مزید مضبوط بنانے، برآمدات میں اضافے اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ ایس تھری سیوریج منصوبہ، دھابیجی اسپیشل اکنامک زون، ایس باس اور جدید اسمارٹ سرویلنس سسٹم جیسے بڑے منصوبے سندھ کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے اور صوبے میں ترقی کے نئے امکانات پیدا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی کے لیے 100 ارب روپے سے زائد مالیت کے جامع ترقیاتی پیکیج پر بھی کام کر رہی ہے، جس کے تحت سڑکوں، پلوں، پانی کی فراہمی، سیوریج، برساتی پانی کی نکاسی اور دیگر شہری انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن کے مطابق مجوزہ میڈیکل سٹی منصوبہ سندھ کو صحت کے شعبے میں جدید مرکز بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہوگا، جہاں عالمی معیار کی طبی سہولیات، تحقیق اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئے صنعتی زونز اور سرمایہ کاری کے کلسٹرز کے قیام سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا، نئی سرمایہ کاری آئے گی اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ شہری انفراسٹرکچر، پانی، سیوریج اور بارش کے پانی کی نکاسی کے منصوبے کراچی سمیت سندھ کے دیگر بڑے شہروں کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ عوامی و نجی شراکت داری کے تحت 109 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جو صوبے میں ترقی، روزگار، سرمایہ کاری اور عوامی فلاح کے لیے اہم ثابت ہوں گے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت وعدوں کے بجائے عملی کارکردگی پر یقین رکھتی ہے۔ سندھ ترقی، سرمایہ کاری اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے اور آنے والے برسوں میں ملک کی اقتصادی ترقی میں مزید مؤثر کردار ادا کرے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔