منگل، 14-جولائی،2026
منگل 1448/01/29هـ (14-07-2026م)

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نظام بدلنے کی تیاری

14 جولائی, 2026 09:59

وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام میں بہتری لانے کے لیے قائم خصوصی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

 اجلاس میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، توانائی کے شعبے کو درپیش چیلنجز اور پاکستان میں پیٹرولیم قیمتوں کے موجودہ نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ قیمتوں کے تعین کا نظام زیادہ شفاف، مؤثر اور دیرپا ہونا چاہیے تاکہ عوام اور معیشت دونوں کو فائدہ پہنچ سکے۔

اجلاس کے دوران پیٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کو واضح اور قواعد پر مبنی طریقہ کار کے تحت چلانے پر اتفاق کیا گیا۔ کمیٹی کے ارکان کا کہنا تھا کہ اس نظام سے قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ کو بہتر انداز میں سنبھالا جا سکے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ تیل کی سپلائی چین کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے اور ہر مرحلے پر شفافیت بڑھانے کی تجاویز بھی منظور کی گئیں۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔ خاص طور پر آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے بین الاقوامی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ ایسے حالات میں حکومت پاکستان توانائی کے شعبے کو مزید محفوظ اور مضبوط بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات پر تیزی سے کام کر رہی ہے تاکہ کسی بھی عالمی بحران کے اثرات کو کم سے کم رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں خطے کے کئی ممالک کے مقابلے میں نسبتاً کم ہیں۔ پاکستان میں پیٹرول بنگلا دیش اور سری لنکا سے سستا ہے جبکہ بھارت کے برابر قیمت پر دستیاب ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالے بغیر توانائی کے شعبے کو مستحکم رکھا جائے۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ملک میں ڈیزل کی مقامی پیداوار بڑھانے کے لیے ریفائنری پالیسی میں اہم تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں۔ ان ترامیم کا مقصد جدید ریفائنری منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور درآمدی ڈیزل پر انحصار کم کرنا ہے۔ جب مقامی سطح پر زیادہ ڈیزل تیار ہوگا تو نہ صرف زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ پاکستان کی توانائی سلامتی بھی مزید مضبوط ہوگی۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پیٹرولیم شعبے میں جدید اصلاحات کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ اس سے نہ صرف صنعت کو فائدہ ہوگا بلکہ مستقبل میں توانائی کی مسلسل فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس حتمی ہوگا۔ اس اجلاس میں تمام سفارشات کو آخری شکل دی جائے گی۔ بعد ازاں یہ سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے ایک ایسا نظام متعارف کروایا جا سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔