خوارج دین کی غلط تشریح کر کے مسلمانوں میں فتنہ پھیلاتے ہیں، مفتی عبدالرحیم کا آئی ایس پی آر سمر کیمپ سے خطاب

آئی ایس پی آر کے سمر کیمپ میں 4 ہزار سے زائد طلبہ نے شرکت کی، جہاں چانسلر مفتی عبدالرحیم نے انہیں ریاست اور افواجِ پاکستان کی اہمیت اور خوارج کے فتنے سے آگاہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیر اہتمام پاکستان بھر کے طلبہ اور طالبات کے لیے سمر کیمپ 2026 کا شاندار انعقاد کیا گیا۔
اس منفرد اور بڑے سمر کیمپ میں پاکستان بھر کے 18 سے زائد مختلف اسٹیشنز سے تعلق رکھنے والے 4 ہزار سے زائد طلبہ اور طالبات بھرپور طریقے سے شرکت کر رہے ہیں۔
اس کیمپ کی ایک خاص بات یہ تھی کہ اس کے تحت نوجوان طلبہ کی الغزالی یونیورسٹی کے چانسلر اور ملک کی معروف مذہبی شخصیت مفتی عبدالرحیم کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر طلبہ اور طالبات سے تفصیلی خطاب کرتے ہوئے مفتی عبدالرحیم نے نوجوانوں کی فکری اور نظریاتی رہنمائی کی اور ان کے سوالات کے جوابات دیئے۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں کے تین سگے بھائیوں کا فتنہ الخوارج سے منسلک اپنے بھائی سے لاتعلقی کا اعلان
مفتی عبدالرحیم نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ قرآن و سنت کی روشنی میں اپنی ریاست اور افواجِ پاکستان کی اہمیت اور ان کے کردار کو اچھی طرح سمجھنا پاکستان کے ہر شہری کی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستِ پاکستان کے خلاف کیا جانے والا کوئی بھی بے بنیاد پروپیگنڈا سراسر قومی مفاد کے منافی ہے، اس لیے ہمارے نوجوان سوشل میڈیا یا کسی بھی جگہ سے ملنے والی افواہوں کے بجائے ہمیشہ مستند اور سچی معلومات کو ترجیح دیں۔
چانسلر الغزالی یونیورسٹی نے پاک فوج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج کی دیانت داری، اعلیٰ نظم و ضبط، پیشہ ورانہ صلاحیت اور اپنے پیارے وطن سے وفاداری پوری قوم اور خاص طور پر نوجوانوں کے لیے قابلِ تقلید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت دہشت گردی کے خلاف ایک فیصلہ کن اور آخری جنگ لڑ رہا ہے، اور اس جنگ میں مکمل قومی اتحاد اور یکجہتی ہی ہماری کامیابی کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔
مفتی عبدالرحیم نے خوارج کے فتنے کو بے نقاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ خوارج دینِ اسلام کی غلط تشریح کرتے ہیں اور اپنے مذموم مقاصد کے لیے مسلمانوں ہی کے خلاف ملک میں فتنہ و فساد برپا کرتے ہیں جن سے بچنا اور ان کا مقابلہ کرنا ہم سب کا فرض ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









