بدھ، 15-جولائی،2026
بدھ 1448/02/01هـ (15-07-2026م)

امریکہ کے ایران پر 4 روز سے جاری حملوں میں 30 سے زائد عام شہری اور 7 فوجی شہید ہوئے، ایرانی حکام

15 جولائی, 2026 14:37

ایران پر امریکی بمباری اور بحری ناکہ بندی کے بعد 30 سے زائد عام شہری اور 7 فوجی شہید جبکہ 260 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

امریکی فضائی اور میزائل حملوں کے نتیجے میں ایران کے مختلف حصوں میں جانی و مالی نقصان کی ہولناک تفصیلات سامنے آگئیں۔

ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران جنوبی ایران پر ہونے والے امریکی حملوں میں اب تک 30 سے زائد عام شہری شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے شہدا کے پسماندگان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی پوری طاقت کے ساتھ عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی کیونکہ جنوبی ایران اس دھرتی کا دھڑکتا ہوا دل ہے۔

ایرانی وزارتِ صحت کے ترجمان حسین کرمان پور نے تصدیق کی ہے کہ تازہ ترین امریکی حملوں میں اب تک 260 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 222 افراد کو طبی امداد کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ ان زخمیوں میں 18 سال سے کم عمر کے 3 بچے بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کا ایران پر بڑے اور تباہ کن حملوں پر غور

اسی دوران ایرانی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوب مشرقی علاقے ایران شہر میں قائم بامپور چھاؤنی پر امریکی فوج نے 13 میزائل داغے، جس کے نتیجے میں 388 ویں بریگیڈ کے 7 فوجی جوان شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ایرانی فوج نے اس حملے کو بزدلانہ جارحیت قرار دیتے ہوئے مناسب وقت پر انتہائی سخت اور فیصلہ کن جوابی کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ادھر مغربی صوبے خوزستان کے ڈپٹی گورنر کے مطابق رات گئے امریکی گولہ باری سے ہویزہ کاؤنٹی میں واقع گندم ذخیرہ کرنے والے ایک بڑے سرکاری گودام (سائلو) کو نشانہ بنایا گیا، جس سے گندم کے ذخیرے کو شدید نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مزید برآں، مغربی بندرگاہی شہر بوشہر کے گورنر محمد مظفری نے بتایا کہ امریکی فورسز نے شہر میں 4 مقامات کو نشانہ بنایا، تاہم پہلے سے کیے گئے حفاظتی اقدامات کی وجہ سے بوشہر میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور امدادی ٹیمیں اس وقت ہائی الرٹ پر ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین جاری یہ ہولناک کشیدگی اب اپنے 5 ویں روز میں داخل ہو چکی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔