امریکہ کی ایران پر بمباری، 12 افراد شہید، ایران کا جوابی حملہ، اردن، بحرین اور عراق میں امریکی تنصیبات پر میزائل و ڈرون داغ دیئے

امریکہ نے جنوبی ایران میں پاسداران انقلاب کے اہم فوجی اڈوں، ساحلی تنصیبات اور متعدد شہروں پر فضائی اور میزائل حملے کیئے، جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر خوزستان میں 7 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔
امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ حملوں کے دوران بندر عباس، جزیرہ قشم، کونارک، جاسک، سیرک، میناب اور چاہ بہار میں دھماکے سنے گئے، جبکہ کوہستک میں مواصلاتی ٹاور اور ایک فیکٹری تباہ ہو گئی۔
اس دوران صوبہ ہرمزگان کے ضلع سیرک میں ایک رہائشی مکان میں جاری شادی کی تقریب پر امریکی میزائل گرنے سے ایک معصوم بچی سمیت 5 افراد شہید اور 68 دیگر زخمی ہو گئے۔ اس حملے سے گھر تباہ ہونے کے علاوہ ہرمزگان کے پاور گرڈ کو بھی شدید نقصان پہنچا، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی، جبکہ اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔
اس امریکی جارحیت کے شدید ردعمل میں ایران کی مسلح افواج اور پاسداران انقلاب نے مشرق وسطیٰ بھر میں موجود امریکی عسکری اڈوں اور اثاثوں کے خلاف مشترکہ جوابی کارروائیاں کیں۔
ایرانی فورسز نے ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں کا استعمال کرتے ہوئے اردن میں کیمپ ٹائٹن اور پرنس حسن ایئر بیس، بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس اور عراق کے علاقے اربیل میں امریکی مراکز کو نشانہ بنایا، جس سے امریکی تنصیبات کو بھاری نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران میں شادی کی تقریب پر امریکی میزائل حملہ، بچی سمیت 5 شہری شہید
پاسداران انقلاب نے ایک جدید ایئر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے امریکی فوج کا جدید ترین ایم کیو-9 ریپر ڈرون بھی مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ان حملوں کے بعد بحرین، کویت اور اردن کے ایئر ڈیفنس سسٹمز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا، جبکہ اسرائیل کے شمالی علاقوں میں بھی سائرن بج اٹھے ہیں۔
اس خوفناک فوجی تصادم کے فوری بعد عالمی معیشت اور انرجی مارکیٹ پر شدید منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 95.52 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 91.02 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب جاری عسکری سرگرمیوں اور کشیدگی کے باعث آنے والے دنوں میں تیل کی سپلائی میں تعطل آ سکتا ہے اور قیمتوں میں مزید اضافے کا قوی امکان ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










