ایران میں شادی کی تقریب پر امریکی میزائل حملہ، بچی سمیت 5 شہری شہید

ایران کے صوبے ہرمزگان کے ضلع سیرک میں ایک شادی کی تقریب پر امریکی میزائل حملے کے نتیجے میں ایک معصوم بچی سمیت 5 افراد شہید اور 68 دیگر زخمی ہو گئے۔
ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان میں امریکی فوجی حملے کے دوران ایک رہائشی مکان میں جاری شادی کی تقریب پر میزائل جا گرا۔
ہرمزگان میں ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اور ایرانی وزارت صحت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ کوہستک کے علاقے میں ہونے والے اس حملے میں ایک معصوم بچی سمیت 5 افراد شہید جبکہ 68 سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
پاسداران انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ حملہ ایک نوجوان جوڑے کی شادی کی تقریب پر کیا گیا، جس نے پورے گھر کو تباہ کر دیا اور خوشیوں کے ماحول کو منٹوں میں ماتم میں تبدیل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی جارحیت کے جواب میں دشمن کو عبرتناک اور دندان شکن سزا دیں گے، ایران
پاسداران انقلاب نے اس کارروائی کو امریکی فوج کی شدید بزدلی اور ایرانی عوام سے کھلی دشمنی کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے نے پرانی مظالم کی یادیں تازہ کر دی ہیں۔ حملے کے وقت گھر میں دسیوں افراد موجود تھے۔
ایرانی وزارت توانائی نے بھی بتایا ہے کہ صوبہ ہرمزگان کے پاور گرڈ کے متعدد اہم نقاط کو بھی امریکی حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے، جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تکنیکی ٹیمیں بجلی کا نظام بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










