جماعت اسلامی کی 3 ستمبر کی ہڑتال پر کراچی کے تاجروں میں تقسیم

پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی 3 ستمبر کی ہڑتال کی اپیل پر کراچی کی تاجر تنظیمیں تحفظات اور شدید تقسیم کا شکار ہو گئی ہیں۔
پٹرولیم لیوی میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے 3 ستمبر کو دی گئی ملک گیر ہڑتال کی اپیل پر کراچی کی تاجر برادری میں شدید تقسیم اور تحفظات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
تاجر رہنما عتیق میر نے دعویٰ کیا ہے کہ 3 ستمبر کو کراچی کی تمام بنیادی مارکیٹس مکمل طور پر بند رہیں گی، جبکہ دوسری جانب الیکٹرونکس مارکیٹ کے صدر رضوان عرفان کا کہنا ہے کہ انہوں نے مارکیٹ بند رکھنے کے حوالے سے فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ تاجر رہنما فہیم نوری نے بتایا کہ ہڑتال میں شمولیت کے معاملے پر تاجروں کی باہمی مشاورت کا عمل مسلسل جاری ہے۔
دوسری طرف اورنگی ٹریڈرز الائنس کے صدر محمد عبداللہ بٹرا نے پٹرولیم لیوی کے خلاف ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے، جبکہ تاجر رہنما حماد ہونا والا اور تاجر شمس نے کہا ہے کہ انہوں نے تاجروں کا اجلاس طلب کر رکھا ہے اور ہڑتال کی حمایت سے متعلق حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد ہی سامنے آئے گا۔
یہ بھی پڑھیں : جماعت اسلامی کا 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان، جلسے کی اجازت نہیں ملی تو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے، حافظ نعیم
اسی اثنا میں کراچی کی بڑی ہول سیل اور گروسری مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرؤوف ابراہیم کا ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہنا ہے کہ 3 ستمبر کو جوڑیا بازار سمیت تمام ہول سیل اور گروسری مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی اور وہ اپنی دکانیں ہرگز بند نہیں کریں گے۔
انہوں نے کمشنر کراچی اور ضلعی انتظامیہ سے تاجروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی ہڑتال کے موقع پر ڈنڈا بردار عناصر موٹر سائیکلوں پر آ کر زبردستی دکانیں بند کراتے رہے ہیں، لہٰذا اس بار زبردستی مارکیٹیں بند کرانے کا عمل روکا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کسی سے کوئی اختلاف نہیں ہے، ہم صرف تاجر ہیں اور اپنی تجارت بغیر کسی خوف کے جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
علاوہ ازیں میڈیسن مارکیٹ نے بھی جماعت اسلامی کی ہڑتال کی حمایت کرنے سے انکار کردیا۔ میڈیسن مارکیٹ کے رہنما اسلم پولانی اور ہول سیل کراچی فارما آرگنائزیشن کے جنرل سیکریٹری کے مطابق جمعرات 3 ستمبر کو کراچی بھر کی تمام میڈیسن مارکیٹس معمول کے مطابق کھلی رہیں گی اور دواؤں کی فراہمی جاری رہے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










