ہفتہ، 25-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

روٹی کی قیمت میں اضافے کا مطالبہ، نانبائیوں نے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دے دی

16 جولائی, 2026 10:37

راولپنڈی میں آٹے، میدے اور ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد نانبائیوں نے روٹی کی قیمت بڑھانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

 نانبائی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی میں پرانے نرخ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا، اس لیے ضلعی انتظامیہ فوری طور پر قیمتوں پر نظرثانی کرے۔

نانبائی ایسوسی ایشن نے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو باضابطہ خط ارسال کیا ہے۔ جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آٹے، میدے اور ایل پی جی کی قیمتیں نمایاں حد تک بڑھ چکی ہیں۔ اس کے نتیجے میں تندور چلانے کے روزانہ اخراجات میں بھی بڑا اضافہ ہوا ہے، جس نے نانبائیوں کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل بنا دیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق ایل پی جی کی قیمت تقریباً 550 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ دیگر ضروری اشیا بھی مہنگی ہو چکی ہیں۔ ان حالات میں سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنے سے نانبائیوں کو مسلسل مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ موجودہ لاگت کے مطابق 14 روپے میں روٹی فروخت کرنا عملی طور پر ممکن نہیں۔

صدر نانبائی ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ موجودہ مہنگائی، ایندھن اور خام مال کی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے روٹی کی قیمت کم از کم 25 روپے مقرر کی جانی چاہیے۔ اس سے کم قیمت پر روٹی فروخت کرنے کی صورت میں بیشتر تندور مالکان کے لیے اپنا کاروبار جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔

نانبائیوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ زمینی حقائق کا جائزہ لیتے ہوئے فوری طور پر نئے نرخ مقرر کیے جائیں تاکہ تندور مالکان کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ اگر قیمتوں پر نظرثانی نہ کی گئی تو کئی تندور بند ہونے کا خدشہ ہے، جس سے عوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔