ملک میں منظم سازش کے تحت دہشت گردی واپس لائی گئی، وزیر اعظم

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ 2018 میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو چکا تھا، لیکن ایک منظم سازش کے تحت یہ دوبارہ لوٹ آئی، جس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رقبے کے لحاظ سے بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی براہ راست بلوچستان کی ترقی سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چاروں صوبوں کا مسکن ہے اور بلوچوں و پشتونوں نے پاکستان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جبکہ بلوچستان کی قیادت نے ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر وفاق کی بھرپور حمایت کی ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نے بلوچستان کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالا اور دیگر 3 صوبوں نے بھی بھرپور ساتھ دیا، جو کہ کوئی احسان نہیں بلکہ خالصتاً بھائی چارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں بلوچستان کو بے پناہ وسائل اور ترقیاتی منصوبے دیے گئے جبکہ پی ڈی ایم اور موجودہ حکومت نے بھی صوبے کی ترقی کے لیے ریکارڈ فنڈز جاری کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری، مزید 4 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے کسانوں کے لیے 75 ارب روپے کے منصوبے میں وفاق نے 50 ارب روپے کا حصہ ڈالا ہے اور بلوچستان کے 27 ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ کراچی سے چمن دورویہ سڑک پر بھی تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔
دہشت گردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 2018 میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو چکا تھا، لیکن ایک منظم سازش کے تحت یہ ناسور دوبارہ لوٹ آیا ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، جس کا کردار بلکل واضح ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اب تک 90 ہزار پاکستانی شہید ہو چکے ہیں اور حالیہ مستونگ کے واقعے میں سیشن جج عبدالحکیم اور ایک اہلکار نے جام شہادت نوش کیا ہے، تاہم بلوچستان کے بہادر لوگوں کی یہ قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
افغانستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے، طالبان رجیم دہشت گردوں کو روکنے میں ناکام ہو چکی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو حالیہ دنوں میں عظیم کامیابیاں ملی ہیں اور معرکہ حق میں دشمن کو شکست فاش دی گئی ہے، خطے میں قیام امن کے لیے دنیا پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، جبکہ فیلڈ مارشل اور نائب وزیر اعظم کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








