جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

آئی ایس پی آر کے سمر کیمپ میں پاکستان کے نظریاتی موضوعات پر سیر حاصل گفتگو، 4 ہزار طلبا کی شرکت

16 جولائی, 2026 12:40

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے زیر اہتمام ملک بھر کے طلبہ و طالبات کے لیے سمر کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں وی سی ڈاکٹر انیس احمد نے طلبا سے نظریاتی موضوعات پر خطاب کیا۔

آئی ایس پی آر کے خصوصی سمر کیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان بھر کے 18 سے زائد مختلف اسٹیشنز اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے 4 ہزار سے زائد پرجوش طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی ہے۔

اس سمر کیمپ کے دوران رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر انیس احمد کی کیمپ میں شریک طلبہ و طالبات کے ساتھ ایک خصوصی اور علمی نشست کا اہتمام کیا گیا۔

اس تعلیمی نشست کے دوران ’’پاکستان کا ماضی، حال اور مستقبل‘‘ اور ’’دو قومی نظریے‘‘ جیسے انتہائی اہم اور نظریاتی موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : خوارج دین کی غلط تشریح کر کے مسلمانوں میں فتنہ پھیلاتے ہیں، مفتی عبدالرحیم کا آئی ایس پی آر سمر کیمپ سے خطاب

وائس چانسلر ڈاکٹر انیس احمد نے شرکاء سے اپنے خطاب میں زور دیتے ہوئے کہا کہ نظریہ پاکستان وہ مضبوط فکری اساس ہے، جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ان کی الگ اسلامی شناخت دی اور ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے متحد کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا آئین ملک میں رہنے والی تمام غیر مسلم اقلیتوں کو مکمل مذہبی، سماجی اور قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے بھارت کی انتہا پسندانہ پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کے اس رویے اور وہاں اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے بدترین سلوک نے بھارت کے نام نہاد سیکولر چہرے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔

ڈاکٹر انیس احمد نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے دیرینہ اور اصولی مؤقف کو مستقل اور واضح ترین قرار دیا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تاریخ کے مطالعے، گہری تحقیق اور مستند علمی ذرائع کی مدد سے اپنی آزادانہ رائے قائم کریں اور اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی تعمیر نو میں اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔