ہفتہ، 25-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

چھوٹے دکانداروں کیلئے ایف بی آر کا بڑا ریلیف، گرین پلیٹ اسکیم کے تحت چھاپوں پر پابندی

16 جولائی, 2026 13:49

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر کے چھوٹے دکانداروں کے لیے ایک اہم ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے گرین پلیٹ اسکیم متعارف کروا دی ہے۔

 اس نئی اسکیم کے تحت گرین پلیٹ آویزاں دکانوں پر ان لینڈ ریونیو افسران کے چھاپوں پر پابندی ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکس نظام کو آسان بنانا، چھوٹے تاجروں کا اعتماد بحال کرنا اور رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کو فروغ دینا ہے۔

ایف بی آر نے اس حوالے سے خصوصی طریقہ کار کا مسودہ بھی جاری کر دیا ہے۔ نئے نظام کے مطابق جو دکاندار گرین پلیٹ اسکیم میں شامل ہوں گے، ان کی دکان میں ان لینڈ ریونیو افسر بغیر ضرورت داخل نہیں ہوگا۔ اس سے چھوٹے کاروباری افراد کو غیر ضروری کارروائیوں سے تحفظ ملے گا اور وہ زیادہ اطمینان کے ساتھ اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں گے۔

ادارے کے مطابق دکاندار اپنا ٹیکس ریٹرن آئی آر آئی ایس (IRIS) پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے آسانی سے جمع کروا سکیں گے۔ اس کے علاوہ ٹیکس ریٹرن فارم اردو سمیت مختلف علاقائی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگا تاکہ ایسے افراد بھی باآسانی ٹیکس گوشوارے جمع کروا سکیں جنہیں انگریزی زبان میں دشواری پیش آتی ہے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس خصوصی اسکیم کے تحت مجموعی کاروباری حجم پر صرف ایک فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔ گرین پلیٹ پر دکان کا نام، این ٹی این نمبر، مکمل پتہ اور کیو آر کوڈ درج ہوگا، جس کے ذریعے دکاندار کی رجسٹریشن اور ٹیکس معلومات کی تصدیق کی جا سکے گی۔

اس اسکیم سے وہ دکاندار فائدہ اٹھا سکیں گے جن کا سالانہ کاروباری حجم 20 کروڑ روپے تک ہو۔ تاہم ایک سے زائد دکانوں کے مالکان، ٹیئر ون ریٹیلرز، جیولرز، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلا اور دیگر پیشہ ور افراد اس سہولت کے دائرہ کار میں شامل نہیں ہوں گے۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ گرین پلیٹ اسکیم میں شامل ہونا مکمل طور پر اختیاری ہوگا۔ اگر کوئی دکاندار چاہے تو وہ پہلے کی طرح روایتی طریقہ کار کے مطابق بھی اپنا ٹیکس ریٹرن جمع کروا سکتا ہے۔ یعنی نئی اسکیم کسی پر لازمی نہیں ہوگی بلکہ سہولت کے طور پر فراہم کی جا رہی ہے۔

ادارے کے مطابق اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے دکاندار کو کم از کم 25 ہزار روپے سالانہ ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ اس اقدام سے حکومت کو امید ہے کہ زیادہ سے زیادہ چھوٹے کاروباری افراد ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے جبکہ ٹیکس وصولی کا نظام بھی مزید شفاف اور آسان بنے گا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔