ہفتہ، 25-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

پنجاب حکومت کا پنک سالٹ انڈسٹری کیلئے بڑا اقدام، بلاسود قرضوں اور نئی سرمایہ کاری اسکیم کا آغاز

16 جولائی, 2026 14:01

پنجاب حکومت نے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، صنعتی ترقی کو تیز کرنے اور برآمدات بڑھانے کے مقصد سے پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن انڈسٹری کے فروغ کے لیے ایک جامع پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 اس منصوبے کے تحت سرمایہ کاروں کو بلاسود قرضے، جدید صنعتی سہولیات اور کاروباری معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ پاکستان کا قیمتی گلابی نمک خام مال کے بجائے تیار مصنوعات کی شکل میں عالمی منڈیوں تک پہنچایا جا سکے۔

حکومتی منصوبے کے مطابق اس پروگرام کی نگرانی پنجاب کا مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کرے گا۔ محکمہ سرمایہ کاروں کی رجسٹریشن، درخواستوں کی جانچ، قرضوں کی منظوری، صنعتی زون کے قیام اور منصوبے پر عملدرآمد کے تمام مراحل کی نگرانی کرے گا۔

اس منصوبے کے تحت ضلع خوشاب کے علاقے قائد آباد کے قریب تقریباً 110 ایکڑ اراضی پر جدید پنک سالٹ منرل پروسیسنگ زون قائم کیا جائے گا۔ اس صنعتی زون میں 200 سے زائد یونٹس لگائے جائیں گے، جہاں پنک سالٹ کی صفائی، ریفائننگ، گرائنڈنگ، پیکجنگ اور دیگر ویلیو ایڈیشن کا کام کیا جائے گا۔

 حکام کے مطابق اس منصوبے میں تقریباً 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جبکہ ابتدائی مرحلے میں 10 ہزار سے زیادہ براہ راست ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

پنجاب حکومت نے "چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم” کے تحت سرمایہ کاروں کو 50 لاکھ روپے سے لے کر 5 کروڑ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ قرضے پانچ سال کی آسان واپسی مدت کے ساتھ دیے جائیں گے تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد بھی اس صنعت میں سرمایہ کاری کر سکیں۔

اس اسکیم کے لیے درخواستیں مکمل طور پر آن لائن وصول کی جائیں گی۔ خواہشمند افراد مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کریں گے اور اس کے بعد کاروباری منصوبہ، قومی شناختی کارڈ، مالیاتی دستاویزات اور دیگر ضروری کاغذات جمع کروائیں گے۔ درخواستوں کی جانچ کے بعد اہل امیدواروں کو بلاسود قرضے جاری کیے جائیں گے۔

یہ اسکیم نئے سرمایہ کاروں کے علاوہ پہلے سے پنک سالٹ کے شعبے سے وابستہ کاروباری افراد، چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتی اداروں (SMEs) اور ویلیو ایڈیشن یونٹس قائم کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے بھی دستیاب ہوگی۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔