پنجاب کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت ہے، حکومت خوابوں کی تکمیل تک ساتھ دے گی: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم وسائل کی کمی کے باعث کئی نوجوان اپنی تعلیم اور صلاحیتوں کو آگے بڑھانے سے محروم رہ جاتے ہیں۔
عارف والا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ طلبہ کے لیے ہونہار اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے، جبکہ نوجوانوں کو بیرون ملک مواقع فراہم کرنے کے لیے تربیت اور سفری سہولیات بھی دی جا رہی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر تک ان کا ساتھ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور پنجاب میں رہنے والا ہر شخص ان کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ ہمیشہ منصوبوں کی تکمیل کے بعد عوام کے سامنے آتی ہیں۔
ان کے مطابق پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور خواتین کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان پر 13 کروڑ عوام کی ذمہ داری ہے اور حکومت تعلیم، صحت، ترقی اور عوامی سہولیات کے شعبوں میں عملی اقدامات کر رہی ہے۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں 49 ہزار اسکول موجود ہیں، جن میں سے 10 ہزار اسکولوں کو اپ گریڈ کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو لیپ ٹاپ، الیکٹرک بائیکس اور آئی پیڈ فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ آئندہ مزید ایک لاکھ لیپ ٹاپ اور 50 ہزار اسکالرشپس دی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسکولوں میں 6 ہزار نئی اے آئی لیبز قائم کی جا رہی ہیں تاکہ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جا سکے۔
ان کے مطابق اسکول میل پروگرام کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور اس سے طلبہ کے داخلوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت 2 لاکھ گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ تین سال میں گھروں کی تعداد 5 لاکھ تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی نکاسی کے مسائل کے حل کے لیے اسٹوریج ٹینکس سمیت مختلف منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
آزاد کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو ترقیاتی کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر میں امن و امان کو خراب کرنے اور تشدد کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








