ہفتہ، 25-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

سندھ حکومت کا سرکاری ملازمین کی بقایا تنخواہوں اور الاؤنسز کے مسائل حل کرنے کا فیصلہ

17 جولائی, 2026 11:08

سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کو درپیش بقایا تنخواہوں، الاؤنسز اور سالانہ انکریمنٹس سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اہم اقدام اٹھا لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ نے سرکاری ملازمین کی جانب سے موصول ہونے والے بقایا واجبات اور دیگر مالی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ کئی ملازمین کو مختلف قانونی اور انتظامی پیچیدگیوں کے باعث اپنی تنخواہوں، الاؤنسز اور انکریمنٹس کی بروقت ادائیگی نہیں ہو سکی، جس کی وجہ سے انہیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسی مقصد کے تحت تین رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی کی سربراہی محکمہ خزانہ کے ڈائریکٹر کو سونپی گئی ہے، جبکہ انٹرنل آڈیٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن فنانس کو بھی اس کا رکن بنایا گیا ہے۔ کمیٹی تمام زیر التوا مالی دعوؤں، الاؤنسز اور انکریمنٹس سے متعلق کیسز کا تفصیلی جائزہ لے گی اور ان کی قانونی حیثیت کا جائزہ لینے کے بعد فوری فیصلے کرے گی۔

محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ کمیٹی کا بنیادی مقصد مالی معاملات میں موجود قانونی پیچیدگیوں کو ختم کرنا اور ایسے کیسز کو جلد از جلد نمٹانا ہے تاکہ سرکاری ملازمین کو ان کے جائز مالی حقوق بروقت مل سکیں۔ اس اقدام سے نہ صرف ملازمین کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ محکمہ جاتی امور میں بھی شفافیت اور تیزی آئے گی۔

حکام کے مطابق کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرنے کے بعد متعلقہ حکام کو پیش کرے گی، جس کی بنیاد پر بقایا تنخواہوں، الاؤنسز اور انکریمنٹس کی ادائیگی کا عمل تیز کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔