محکمہ موسمیات نے 19 سے 23 جولائی تک موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کردی

Heavy Rain Alert: July 19–23
ملک میں مون سون بارشوں کے دوسرے طاقتور سلسلے کے پیش نظر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
متعلقہ اداروں نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 19 سے 23 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ اس دوران راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، حافظ آباد، چکوال، جہلم اور دیگر وسطی و بالائی اضلاع میں کہیں کہیں شدید بارش متوقع ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
جنوبی پنجاب کے حوالے سے بھی محکمہ نے پیشگوئی کی ہے کہ 20 سے 24 جولائی کے درمیان بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، رحیم یار خان اور گرد و نواح میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا۔ بعض علاقوں میں تیز بارش کے ساتھ آندھی چلنے کا بھی امکان ہے، جس کے باعث فصلوں، بجلی کی ترسیل اور ٹریفک کے نظام پر اثرات پڑ سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کی صورت میں لاہور، راولپنڈی اور دیگر بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ندی نالوں، برساتی نالوں اور خاص طور پر نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ اسی لیے متعلقہ محکموں کو ریسکیو مشینری، نکاسی آب کے انتظامات اور ہنگامی عملے کو ہر وقت تیار رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز، ریسکیو اداروں، واسا، بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں سے بارش کا پانی فوری نکالنے، حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی 18 سے 25 جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی جاری کی ہے۔ محکمہ کے مطابق مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث کشمیر، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








