مانسہرہ کے قریب سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے 4 افراد جاں بحق

مانسہرہ میں پارس کے قریب سیاحوں کی گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
مانسہرہ میں پارس کے مقام پر مالاکنڈ سے ناران جانے والے سیاحوں کی گاڑی تیز موڑ کاٹتے ہوئے اچانک بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
حادثے کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور مقامی پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
یہ بھی پڑھیں : سوات ایکسپریس وے پر خوفناک ٹریفک حادثہ، 16 مسافر جاں بحق اور 8 زخمی
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں 2 خواتین، ایک نوجوان اور گاڑی کا ڈرائیور شامل ہیں۔ انتظامیہ نے شدید زخمی ہونے والے نوجوان کو کھائی سے نکال کر ابتدائی طبی امداد دی اور فوری علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پولیس نے حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے ورثاء سے رابطہ قائم کر لیا ہے اور ضروری قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اسپتال میں پولیس اہلکاروں نے تمام انتظامات سنبھال لیے ہیں جبکہ جائے حادثہ پر تفتیش کا عمل بھی جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ تیز موڑ پر گاڑی کی رفتار تیز ہونے اور بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











