جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

سندھ حکومت کا تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کی تقرری کے لیے عمر کی حد بڑھانے کا فیصلہ

20 جولائی, 2026 12:23

سندھ حکومت نے تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کی تقرری کے قواعد میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت میٹرک بورڈ کراچی اور حیدرآباد بورڈ کے چیئرمینز کے لیے عمر کی بالائی حد میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اسماعیل راہو کے مطابق چیئرمینوں کی تقرری کے لیے عمر کی حد 55 سال سے بڑھا کر 62 یا 65 سال کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے، جسے آئندہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد دونوں عہدوں کے لیے دوبارہ اشتہار جاری کیا جائے گا، تاہم پہلے سے درخواستیں جمع کرانے والے امیدواروں کو دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی اور ان کی سابقہ درخواستیں قابلِ غور رہیں گی۔

اسماعیل راہو کے مطابق درخواستوں کی جانچ پڑتال کے دوران اہل امیدواروں کی تعداد محدود سامنے آئی، جس کے بعد سرچ کمیٹی نے مزید تجربہ کار امیدواروں کو موقع فراہم کرنے کے لیے عمر کی حد بڑھانے کی سفارش کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے معاملہ صوبائی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

حکام کے مطابق چیئرمینوں کی تقرری کے بعد تعلیمی بورڈز میں ناظم امتحانات، سیکریٹریز اور آڈٹ افسران سمیت دیگر اہم انتظامی عہدوں پر بھی تقرریاں کی جائیں گی۔

دیگر انتظامی عہدوں پر بھرتیوں کا عمل متعلقہ بورڈز کی سلیکشن کمیٹیوں کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، جبکہ اہل افسران دستیاب نہ ہونے کی صورت میں آسامیوں کے لیے کھلے اشتہارات جاری کیے جائیں گے۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔