اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

ایم ڈی کیٹ 2026: ملک بھر میں ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد امیدوار رجسٹرڈ

14 ستمبر, 2026 15:31

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے مطابق رواں سال میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے لیے ملک بھر میں ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کا انعقاد ملک کی 5 جامعات کے ذریعے کیا جائے گا، جبکہ امتحان 20 ستمبر کو ہوگا۔ کونسل نے امتحان کو شفاف، منصفانہ اور منظم انداز میں منعقد کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور میں سب سے زیادہ 49 ہزار 198 امیدوار رجسٹرڈ ہیں، جبکہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور میں 38 ہزار 841 امیدوار ایم ڈی کیٹ دیں گے۔

آئی بی اے یونیورسٹی سکھر میں 34 ہزار 232 امیدوار رجسٹرڈ ہیں، جبکہ بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ میں 9 ہزار 923 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔

اسی طرح شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد میں 5 ہزار 964 امیدوار ایم ڈی کیٹ کے لیے رجسٹرڈ ہیں۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق وزیراعظم نے ایم ڈی کیٹ انتہائی شفاف، منصفانہ اور منظم انداز میں کرانے کی ہدایت کی ہے۔ کونسل نے واضح کیا ہے کہ امتحان کی شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

امتحانی مراکز پر امیدواروں کے لیے مناسب نشستوں، ضروری سہولیات اور سیکیورٹی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امتحانی مراکز پر میڈیکل سپورٹ اور ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ایم ڈی سی نے امتحانی مراکز پر امیدواروں کے والدین اور سرپرستوں کے لیے بھی ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ امتحان کے روز انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کونسل کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے پرچوں کے لیے یکساں ریگولیٹری معیار فراہم کیا گیا ہے تاکہ ملک بھر میں امتحان کے انعقاد میں یکسانیت برقرار رہے۔

کراچی میں ایم ڈی کیٹ این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں منعقد کیا جائے گا۔ ملک بھر میں بڑی تعداد میں امیدواروں کی شرکت کے پیش نظر امتحانی مراکز پر انتظامی، سیکیورٹی اور طبی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔