جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

بلوچستان حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی منظوری دیدی

20 جولائی, 2026 10:34

بلوچستان حکومت نے صوبے کے سرکاری ملازمین کو مالی ریلیف فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی منظوری دے دی ہے۔

محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ الاؤنس یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا اور اس کا مقصد بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دوران ملازمین کو اضافی مالی سہارا فراہم کرنا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ ریلیف الاؤنس بلوچستان حکومت کے بی پی ایس 1 سے بی پی ایس 22 تک کے تمام ریگولر ملازمین کو دیا جائے گا۔ الاؤنس کا حساب ملازمین کی موجودہ بنیادی تنخواہ (رننگ بیسک پے) کی بنیاد پر کیا جائے گا، جس کے تحت ہر اہل ملازم کو اپنی بنیادی تنخواہ کے مطابق 7 فیصد اضافی رقم ادا کی جائے گی۔

محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ یہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس صرف ریگولر سرکاری ملازمین کے لیے مختص ہے۔ اس کی ادائیگی حکومت کی مقررہ پالیسی اور قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے گی تاکہ تمام اہل ملازمین کو بروقت اس سہولت سے فائدہ پہنچ سکے۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ الاؤنس انکم ٹیکس کے مروجہ قوانین کے تحت قابل ٹیکس ہوگا۔ تاہم اسے پنشن، گریجویٹی یا دیگر ریٹائرمنٹ فوائد کے حساب میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح اگر کوئی ملازم اضافی نوعیت کی رخصت (Extra Ordinary Leave) پر ہوگا تو اس مدت کے دوران اسے یہ الاؤنس ادا نہیں کیا جائے گا۔

حکومت بلوچستان نے تمام سرکاری محکموں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ نوٹیفکیشن پر فوری عمل درآمد یقینی بنائیں اور اہل ملازمین کو مقررہ تاریخ سے الاؤنس کی ادائیگی شروع کریں۔ اس اقدام کا مقصد ملازمین کو بروقت مالی ریلیف فراہم کرنا اور انتظامی عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔