جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

وفاقی کابینہ سے چار سالہ حج پالیسی کی منظوری، 20 نکاتی فریم ورک کی کاپی جی ٹی وی نیوز نے حاصل کرلی

22 جولائی, 2026 15:40

وفاقی کابینہ نے چار سالہ حج پالیسی 2027 تا 2030 کی منظوری دے دی ہے، جبکہ 20 نکاتی فریم ورک کی کاپی جی ٹی وی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

نئی پالیسی سعودی ویژن 2030 کے مطابق تیار کی گئی ہے اور اس کا مقصد حج انتظامات میں تسلسل، شفافیت اور جدید ڈیجیٹل نظام کا نفاذ ہے۔

وزیر مذہبی امور نے 20 نکاتی فریم ورک کی منظوری وفاقی کابینہ سے حاصل کی، جبکہ وزارت مذہبی امور نے آئندہ چار برسوں کے لیے جامع پالیسی فریم ورک تیار کیا ہے۔

دستاویز کے مطابق حج آپریشن کو مرحلہ وار مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت چلانے کی تجویز دی گئی ہے۔ رجسٹریشن، ادائیگی، رہائش، شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے سمیت تمام مراحل آن لائن نظام سے منسلک ہوں گے۔

کثیر سالہ رجسٹریشن اور ویٹنگ لسٹ

پہلی بار کثیر سالہ حج رجسٹریشن اور ڈیجیٹل ویٹنگ لسٹ متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت عازمین کو 3 سے 4 سال پہلے حج پلاننگ کی سہولت مل سکے گی۔

فریم ورک میں "پہلے آئیں، پہلے پائیں” کے اصول پر مبنی ڈیجیٹل ویٹنگ لسٹ سسٹم نافذ کرنے اور پہلے سے رجسٹرڈ درخواست گزاروں کو ترجیح دینے کی سفارش بھی شامل ہے۔

سرکاری اور نجی حج اسکیم

دستاویز کے مطابق سرکاری اور نجی حج اسکیموں کے لیے 50، 50 فیصد کوٹہ برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

حکومت کا کردار سروس فراہم کرنے والے کے بجائے ریگولیٹر تک محدود کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ نجی شعبے کی شمولیت بڑھا کر خدمات کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

نجی ٹور آپریٹرز کے لیے نئی شرائط

نجی حج کمپنیوں کے لیے کارکردگی پر مبنی ریگولیشن متعارف کرانے، پرائیویٹ حج مینجمنٹ پورٹل کو لازمی قرار دینے اور آزادانہ کارکردگی جانچنے کا نظام قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

دستاویز میں نجی ٹور آپریٹرز کے حج امور اور کوٹے سے متعلق بھی اہم تجاویز شامل ہیں۔

مالیاتی اور بینکاری نظام

نئی پالیسی کے تحت تمام حج ادائیگیاں سرکاری بینکاری ذرائع سے کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ تمام امور حکومتی بینکنگ چینلز اور ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے آگے بڑھائے جائیں گے۔

مستقبل کے عازمین کے لیے حج سیونگ اسکیم متعارف کرانے کی سفارش بھی کی گئی ہے تاکہ لوگ پہلے سے مالی منصوبہ بندی کر سکیں۔

شفاف ٹینڈرنگ اور نگرانی

پاکستان اور سعودی عرب دونوں مقامات پر شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے خریداری کا نظام نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ سرکاری اور نجی حج آپریشنز کی آزادانہ کارکردگی جانچنے کا طریقہ کار بھی فریم ورک کا حصہ ہے۔

تربیت، شکایات اور ایمرجنسی نظام

عازمین کی تربیت، مناسک حج اور ہنگامی صورتحال سے متعلق آگاہی پروگرام کو وسعت دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

شکایات کے فوری ازالے کے لیے ڈیجیٹل نظام قائم کیا جائے گا، جبکہ حج ویلفیئر اسٹاف کی تعیناتی میرٹ کی بنیاد پر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

فریم ورک میں حج محافظ اسکیم برقرار رکھنے، مالی معاونت جاری رکھنے اور حج کے دوران ایمرجنسی مینجمنٹ سسٹم اور خصوصی ریسپانس ٹیم قائم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

حکام کے مطابق نئی حج پالیسی کا بنیادی مقصد سعودی ویژن 2030 کے مطابق ایک شفاف، جدید، جوابدہ اور مکمل طور پر ڈیجیٹل حج نظام قائم کرنا ہے تاکہ عازمین کو بہتر سہولیات اور مؤثر خدمات فراہم کی جا سکیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔