پاکستان روبوٹکس اور اے آئی ٹیکنالوجی میں آگے بڑھ رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026 پاکستان کو 21ویں صدی کی جدید ٹیکنالوجی میں صفِ اول کے ممالک میں شامل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ روبوٹکس، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈرون ٹیکنالوجی نہ صرف معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد دیں گی بلکہ قومی سلامتی کو مؤثر اور عوامی زندگی کو مزید آسان بنائیں گی۔
انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، جبکہ انڈس اے آئی سمٹ کا انعقاد بھی اسی عزم کا اظہار ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی نے دنیا کو حیران کن رفتار سے تبدیل کر دیا ہے، جہاں مشینیں اب خود معلومات کا تجزیہ کرنے، فیصلے لینے اور انہیں عملی شکل دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ڈرون ٹیکنالوجی میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے اور ملک میں ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی تیاری ایک اہم کامیابی ہے۔
وزیراعظم نے جدید ٹیکنالوجی کے دفاعی شعبے میں استعمال کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا۔
انہوں نے کہا کہ آٹونومس سسٹمز اور سائبر سکیورٹی سمیت جدید صلاحیتوں کے ذریعے ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دفاعی شعبے میں آٹونومس صلاحیتوں کے فروغ کے لیے واضح قانون سازی اور جامع فریم ورک بھی تیار کیا جائے گا تاکہ ٹیکنالوجی کا مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے اور ملک روبوٹکس و مصنوعی ذہانت کی مکمل ویلیو چین کا حصہ بننے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، جدید مہارتوں اور نئی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کر رہی ہے، جس کے باعث آئی سی ٹی برآمدات میں تقریباً 21 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم آفس میں اے آئی سے لیس نظام کا آغاز گورننس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہم مثال ہے، جبکہ پاکستان ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس میں بھی نمایاں بہتری حاصل کر چکا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









