پاکستان اور ماریشس کا ڈیجیٹل میڈیا تعاون کے فروغ پر اتفاق، جدت اور علم کے تبادلے پر زور

اسلام آباد: پاکستان اور ماریشس نے ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے، جدید ٹیکنالوجی سے متعلق تجربات کے تبادلے اور مشترکہ شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے پاکستان میں ماریشس کے ہائی کمشنر منسو کریمباکس کی وزیر مملکت و وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون سے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آیا۔ ملاقات میں ماریشس ہائی کمیشن کے نائب سربراہ آر اے ایل سیوتوہل بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے ڈیجیٹل میڈیا کے منظرنامے، اس سے وابستہ مواقع اور چیلنجز، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے کردار اور وسیع تر ڈیجیٹل میڈیا و انفارمیشن ایکو سسٹم سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے پاکستان اور ماریشس میں ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس شعبے میں اختیار کیے جانے والے مؤثر طریقہ کار اور کامیاب تجربات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کیے۔ اس موقع پر ڈیجیٹل کمیونیکیشن، عوامی روابط اور معلومات کے تبادلے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے باہمی تعاون کے نئے امکانات بھی زیرِ غور آئے۔
وزیر مملکت فہد ہارون اور ہائی کمشنر منسو کریمباکس نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنا کر جدت، تحقیق، علم کے تبادلے اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور ماریشس کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں باہمی افہام و تفہیم، ادارہ جاتی روابط اور تعاون کو نئی جہت دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دونوں فریقوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈیجیٹل میڈیا میں بڑھتا ہوا تعاون نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا بلکہ معلومات کے تبادلے، اختراع اور جدید ڈیجیٹل رجحانات سے فائدہ اٹھانے کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









