جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم انتقال کر گئے

23 جولائی, 2026 09:09

جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنما اور مرکزی سیکرٹری جنرل امیر العظیم طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ کچھ عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ ان کے انتقال پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں، کارکنوں اور سیاسی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

امیر العظیم نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ جماعت اسلامی کی تنظیمی، سیاسی اور سماجی سرگرمیوں میں صرف کیا۔ وہ جماعت اسلامی کے اہم عہدوں پر فائز رہے اور طویل عرصے تک تنظیمی امور میں فعال کردار ادا کرتے رہے۔

امیر العظیم 1958ء میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اسلامیہ اسکول سنت نگر سے حاصل کی، جہاں سے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ بعد ازاں اسلامیہ کالج ریلوے روڈ سے ایف ایس سی مکمل کی۔

انہوں نے اسلامیہ کالج سول لائنز سے فزکس اور ڈبل میتھ کے ساتھ بی ایس سی کیا، جبکہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔

امیر العظیم طالب علمی کے دور ہی سے اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ ہو گئے تھے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی طلبہ یونین کے منتخب صدر بھی رہے، جبکہ بعد ازاں اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ کے طور پر بھی ذمہ داریاں انجام دیں۔

طلبہ سیاست میں فعال کردار کے بعد انہوں نے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے عملی سیاسی اور تنظیمی سفر جاری رکھا اور مختلف اہم ذمہ داریاں سنبھالیں۔

امیر العظیم ایک طویل عرصے تک جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رہے۔ اس کے بعد انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے سیکرٹری جنرل اور امیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔

بعد ازاں انہیں جماعت اسلامی وسطی پنجاب کا امیر مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے تنظیمی معاملات میں اپنا کردار ادا کیا۔

سال 2019ء میں سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے انہیں جماعت اسلامی پاکستان کا مرکزی سیکرٹری جنرل مقرر کیا۔ بعد میں 2024ء میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے بھی انہیں اسی اہم منصب پر برقرار رکھا۔

امیر العظیم کے انتقال پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ رہنماؤں نے ان کی تنظیمی خدمات، سیاسی جدوجہد اور دینی و سماجی میدان میں کردار کو خراج عقیدت پیش کیا۔

امیر العظیم کی وفات جماعت اسلامی کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دی جا رہی ہے، جبکہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔