جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

پاسپورٹ بنوانے والوں کیلئے اہم خبر، ایجنٹ مافیا کے خلاف ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن

23 جولائی, 2026 09:55

لاہور: پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند شہریوں کو دھوکہ دینے والے ایجنٹ مافیا کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے 12 افراد کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے لاہور زون کے ترجمان کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے گارڈن ٹاؤن، شاہدرہ اور ہربنس پورہ پاسپورٹ دفاتر کے باہر کارروائیاں کیں، جن کے دوران پاسپورٹ دفاتر کے 2 ملازمین اور 10 نجی ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان شہریوں سے پاسپورٹ بنوانے کے نام پر غیر قانونی رقم وصول کر رہے تھے۔ ملزمان فوری پاسپورٹ اجرا کا جھانسہ دے کر مقررہ فیس سے زائد رقم بٹورتے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے متعدد پاسپورٹس، ٹوکنز، بینک چالان، رسیدیں اور دیگر اہم دستاویزات بھی برآمد کی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ پاسپورٹ دفاتر کے باہر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث دیگر عناصر کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ایف آئی اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ پاسپورٹ کے حصول کے لیے صرف سرکاری طریقہ کار اختیار کریں اور کسی بھی غیر قانونی ایجنٹ کو رقم دینے سے گریز کریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔